Sunday , June 24 2018
Home / سیاسیات / سیکولر پارٹیوں کو منشور میں مسلم مسائل کی وضاحت کرنے شاہی امام کا مطالبہ

سیکولر پارٹیوں کو منشور میں مسلم مسائل کی وضاحت کرنے شاہی امام کا مطالبہ

نئی دہلی ۔ 14 مارچ (فیکس) شاہی امام مسجد فتح پوری دہلی ڈاکٹر مفتی محمد مکرم احمد نے آج نماز جمعہ سے قبل خطاب میں مسلمانوں کو تاکید کی کہ اتحاد و اتفاق کے ساتھ سیاسی معاملات میں بیداری پیدا کریں اور آنے والے الیکشن میں اپنے حلقہ میں مستعدی کے ساتھ حصہ لیں۔ شاہی امام صاحب نے سیکولر پارٹیوں کی طرف سے پچھلے 65 سالوں میں مسلمانوں کو نظراندا

نئی دہلی ۔ 14 مارچ (فیکس) شاہی امام مسجد فتح پوری دہلی ڈاکٹر مفتی محمد مکرم احمد نے آج نماز جمعہ سے قبل خطاب میں مسلمانوں کو تاکید کی کہ اتحاد و اتفاق کے ساتھ سیاسی معاملات میں بیداری پیدا کریں اور آنے والے الیکشن میں اپنے حلقہ میں مستعدی کے ساتھ حصہ لیں۔ شاہی امام صاحب نے سیکولر پارٹیوں کی طرف سے پچھلے 65 سالوں میں مسلمانوں کو نظرانداز کرنے اور مسلم مسائل کو مزید الجھانے کی مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ مسائل کو اگر اسی وقت حل کرلیا جاتا تو اتنی پسماندگی نہ ہوتی۔ انہوں نے کہا کہ اگر بخار کا علاج فوری نہ ہو تو نمونیا بن جاتا ہے اور کھانسی کا علاج فوری نہ ہو تو ٹی بی بن جاتی ہے۔

سیکولر پارٹیوں نے مسلمانوں کو ووٹ بنک بنایا اور ان کے مسائل کو نظرانداز کردیا۔ انہوں نے سیکولر پارٹیوں سے پرزور مطالبہ کیا کہ اپنے منشور میں مسلم مسائل کے بارے میں واضح پالیسی کا اعلان کریں اور زبانی جمع خرچ کا مظاہرہ نہ کریں۔ انہوں نے یہ بھی مطالبہ کیا کہ مسلم آبادی کے تناسب سے مسلم امیدواروں کو ٹکٹ دیئے جائیں اور اس سلسلہ میں مسلمانوں کو نظرانداز نہ کیا جائے۔ شاہی امام صاحب نے مسلمانوں کو آگاہ کیا کہ کچھ شرپسند عناصر خودساختہ مضمون ہندی، اردو میں پوسٹر اور پمفلٹ کی شکل میں چھپوا کر کسی بھی مسلم جماعت یا مسلم لیڈر کے نام منسوب کرکے بدگمانی پھیلا کر انتخاب جیتنے کی سازش کرتے ہیں اس سے بھی ہوشیار رہنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیکولر پارٹیاں فرقہ پرست لیڈر نریندر مودی کا ہوا دکھا کرمسلم ووٹ بٹورنا چاہتی ہیں۔ اس سازش میں بھی ہوشیار رہنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا جو امیدوار آزمایا جاچکا ہو اسے دوبارہ آزمانے کی غلطی نہیں کرنی چاہئے۔ اگر نیا امیدوار بہتر وعدہ کرے تو اس کی حمایت کی جاسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک سو سے زیادہ حلقے مسلم اکثریت آبادی والے ہیں وہاں سے مسلم امیدواروں کو کامیاب بنائیں۔

TOPPOPULARRECENT