Wednesday , September 26 2018
Home / شہر کی خبریں / سی رام چندر ریڈی کیلئے ایم ایل اے بعد میں پہلے انسانیت

سی رام چندر ریڈی کیلئے ایم ایل اے بعد میں پہلے انسانیت

حلقہ اسمبلی کے عوام کی شادی کے موقع پر ایک تولہ سونا اور دو تولہ چاندی دینے کا اعلان

حیدرآباد ۔ 14 اپریل (سیاست نیوز) ایک ایسے وقت جبکہ انتخابات قریب ہیں مرکزی و ریاستی حکومتیں عوام کو راغب کرنے کیلئے انہیں پرکشش ترغیبات پیش کررہی ہیں ساتھ ہی یہی کام تمام سیاسی جماعتیں بھی کررہی ہیں جو عام بات ہے۔ اس طرح کی ترغیبات کا مقصد لوگوں کی تائیدحاصل کرنا ہوتا ہے اور ہر انتخابات میں ایسا ہوتا رہتا ہے۔ تاہم اسمبلی حلقہ خیرت آباد کی نمائندگی کرنے والے بی جے پی کے رکن اسمبلی سی رامچندر ریڈی نے پرکشش اسکیمات کا اعلان کرنے میں حکومتوں کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ انہوں نے اپنے اسمبلی حلقہ خیرت آباد میں غریب لڑکیوں کی شادیوں پر انہیں ایک تولہ سونے کا زیور بطور تحفہ دینے کا اعلان کیا ہے۔ بی جے پی کے بارے میں یہ تاثر پایا جاتا ہیکہ وہ ایک فرقہ پرست مسلم اور دلت دشمن جماعت ہے لیکن رامچندر ریڈی نے اعلان کیا ہیکہ حلقہ اسمبلی خیرت آباد میں کسی غریب ہندو لڑکی کی شادی ہوگی تو ان کی جانب سے ایک تولہ سونے کا منگل سوتر اور مسلم لڑکی کی شادی ہوتی ہے تو ایک تولہ سونے کی زنجیر یا انگوٹھی بطور تحفہ پیش کی جائے گی۔ بی جے پی کے رکن اسمبلی کا کہنا ہیکہ انہوں نے یہ اسکیم کسی سیاسی فائدہ کیلئے نہیںبلکہ بلامذہب و ملت غریب والدین کی کسی حد تک مدد کرنے کے مقصد سے شروع کی ہے۔ واضح رہیکہ فی الوقت سونے کی قیمت فی 10 گرام (ایک تولہ) 32 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے ساتھ ہی بی جے پی کے رکن اسمبلی نے اپنے اسمبلی حلقہ کی لڑکیوں کیلئے ایک تولہ سونے کے ساتھ دو تولہ چاندی اور دلہادلہن کیلئے ایک ایک جوڑا کپڑے بھی دینے کا اعلان کیا ہے۔ ان کے اس اعلان سے حلقہ اسمبلی کے غریب لڑکیوں کو بلامذہب و ملت اور ذات پات کے فائدہ پہنچے گا۔ حکومت کی جانب سے شروع کی گئی شادی مبارک اور کلیانا لکشمی اسکیم کیلئے کئی قواعد سے گذرنا پڑتا ہے۔ تحصیلداروں کی تحفظات مکمل ہونے پر شادیوں کے بعد چیکس تقسیم کئے جاتے ہیں۔ تاہم سی رامچندر ریڈی نے ایسے کوئی سخت شرائط نہیں رکھے بلکہ جس لڑکی کی شادی ہورہی ہو اس کا آدھار کارڈ اور فہرست رائے دہندگان میں نام شامل رہنے کی شرط رکھی ہے۔ ساتھ ہی درخواست کے ساتھ شادی کا رقعہ منسلک کرنے پر بی جے پی کے ڈیویژن اور بلاک کمیٹیوں کی جانب سے کرانے کے بعد شادی سے دو دن قبل تحفہ لڑکی کے گھر پہنچا دینے کا اعلان کیا ہے۔

TOPPOPULARRECENT