سی پی ایم کی 5 روزہ کانفرنس کیلئے ہر ممکن مدد

چیف منسٹر کے سی آر کا تیقن ۔ سی پی ایم قائدین کی ملاقات
حیدرآباد 7 اپریل ( پی ٹی آئی ) چیف منسٹر تلنگانہ کے چندر شیکھر راؤ نے آج تیقن دیا کہ سی پی آئی ایم کی پانچ روزہ نیشنل کانفرنس کے شہر میں انعقاد کیلئے ریاستی حکومت کی جانب سے ہر ممکن مدد فراہم کی جائیگی ۔ یہ کانفرنس 18 اپریل سے شروع ہونے والی ہے ۔ سی پی ایم پولیٹ بیورو کے رکن بی وی راگھولو اور سی پی ایم کے تلنگانہ سکریٹری ٹی ویرا بھدرم نے آج چیف منسٹر سے یہاں ملاقات کی ۔ چیف منسٹر کے دفتر سے جاری ایک اعلامیہ میں یہ بات بتائی ۔ سی پی ایم قائدین نے چیف منسٹر سے کہا کہ یہ کانفرنس شہر میں 18 اپریل سے پانچ دن تک منعقد ہوگی جس میں کیرالا کے چیف منسٹر اور مغربی بنگال و تریپورہ کے سابق چیف منسٹرس اور دوسرے قومی قائدین بھی شرکت کرنے والے ہیں۔ اعلامیہ کے بموجب سی پی ایم قائدین نے اس مجوزہ کانفنرس کیلئے ریاستی حکومت سے تعاون اور مدد کی خواہش کی جس پر چیف منسٹر نے مثبت رد عمل کا اظہار کیا اور درکار مدد فراہم کرنے کا تیقن دیا ۔ کہا گیا ہے کہ چیف منسٹر نے سی پی ایم قائدین سے تیسرے محاذ کے کاز اور تفصیلات کے تعلق سے بھی تبادلہ خیال کیا ۔ کے سی آر نے حال ہی میں اعلان کیا تھا کہ وہ قومی سطح پر سیاست میں معیاری تبدیلیاں لانے غیر بی جے پی و غیر کانگریسی جماعتوں پر مشتمل ایک وفاقی محاذ تشکیل دینگے ۔چیف منسٹر نے اس سلسلہ میںچیف منسٹر مغربی بنگال ممتابنرجی سے کولکتہ میں ملاقات بھی کی تھی ۔ اعلامیہ میں ادعا کیا گیا ہے کہ سی پی ایم قائدین نے اس مسئلہ پر چیف منسٹر کے خیالات سے اتفاق کیا ہے اور معیاری تبدیلیوں کیلئے پہل کرنے پر چیف منسٹر کے جذبہ کی ستائش بھی کی ۔

TOPPOPULARRECENT