Saturday , December 16 2017
Home / شہر کی خبریں / س2ستمبر کو ٹریڈ یونین کے بند کی تائید و حمایت کا اعلان

س2ستمبر کو ٹریڈ یونین کے بند کی تائید و حمایت کا اعلان

تلنگانہ اسٹیٹ سی پی آئی کونسل کا اجلاس ، ڈاکٹر کے نارائنا و دیگر کا خطاب
حیدرآباد ۔ 17 اگست (سیاست نیوز) نیشنل سکریٹری کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا ڈاکٹر کے نارائنا نے مرکزی حکومت پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہاکہ کرپشن فری انڈیا کے تمام دعوئوں کو بی جے پی کی وزیر سشما سوراج‘ شیو راج سنگھ چوہان اور وسندھراراجیہ سندھیانے کھوکھلا ثابت کردیا۔ تلنگانہ اسٹیٹ سی پی آئی کونسل اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر نارائنا نے کہاکہ انسانیت کے نام پردیش کے دشمن للت مودی کی مدد کا ایوان پارلیمنٹ میں دعویٰ پیش کرنے والی یونین منسٹر سشما سوراج او ر وزیراعظم نریندر مودی سے استفسار کیا کہ ہندوستان کی جیل میں محروس بے قصور اور جسمانی معذور پروفیسر سائی بابا آخر کیو ں نظر نہیںآرہے ہیں۔ ڈاکٹر نارائنا نے کہاکہ کرپشن فری ہندوستان کے قیام کا دعوی کرنے والے نریندر مودی نے اقتدار میں آنے کے ساتھ ہی پورے ملک کو کارپوریٹ گھرانوں کے ہاتھوں گروی رکھدیااور دوسری جانب سے فرقہ پرست طاقتوں کے حوصلے مضبوط ہونے لگے۔ انہوں نے آئے دن اقلیتوں کو ہراساں وپریشان کرنے کے واقعات اور حکومت میں موجود فرقہ پرستوں کی جانب سے دئے جانے والے بیانات کا حوالہ دیتے ہوئے کہاکہ مرکز میںنریندر مودی حکومت کے اقتدار میں آنے کے بعد قومی سطح پر اقلیتی طبقات کے اندر اعتماد کی کمی پیش آئی ہے جو اس ملک کے جمہوری نظام کے لئے سنگین خطرہ بھی ہے۔ ڈاکٹر نارائنہ نے کہاکہ بائیں بازو جماعتیں ملک کو درپیش فرقہ پرستی کے سنگین خطرے اور سرمایہ داروں کی بڑھتی اجارہ داری کو ختم کرنے کے لئے اپنی جدوجہد کو جاری رکھیں گے۔ تلنگانہ اسٹیٹ سکریٹری سی پی آئی چاڈا وینکٹ ریڈی نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ایکزیکیٹو اور کونسل اجلاس میں پارٹی کی جانب سے قطعیت دئے گئے مجوزہ پروگرام کا تذکرہ کیا۔ حسب روایت تلنگانہ مصلح جدوجہد عمل میںلائی گئی اس ضمن میں پوری ریاست میں مصلح جدوجہد کے متعلق عوام میں شعور بیداری پروگرام چلائے جائیں گے اس کے علاوہ سرکاری اراضیات پر قبضہ پروگرام اور تلنگانہ ریاست کے آبپاشی پراجکٹس کے دوسرے مرحلے کی شروعات اور عاجلانہ تکمیل کے لئے 3 تا 5 ریاست گیر مہم چلائی جائے گی۔بی سی سب پلان اور مسلمانوں کوبارہ فیصد تحفظات کے لئے بھی سی پی آئی کی جانب سے ریاست گیر تحریک چلائی جائے گی۔ انہوں نے 2ستمبرکو ٹریڈ یونین کے بند کی مکمل تائید و حمایت کا بھی اعلان کیا اور کہاکہ ٹریڈ یونین کے بند کو سی پی آئی اور اس کی محاذی تنظیموں کی مکمل تائید رہے گی۔انہوں نے بھدرا چلم میں24تا30ستمبر ریاستی ورک شاپ کے انعقاد کا بھی اعلان کیا جس میں پارٹی کے ایکزیکیٹیو اراکین شرکت کریں گے۔تلنگانہ اسٹیٹ کونسل کوپارٹی کے تمام معلنہ پروگراموں کی کامیابی کے لیے سرگرم رول ادا کرنے کی اپیل۔ سینئر کمیونسٹ قائدوسابق ایم پی جناب سید عزیز پاشاہ‘ رکن اسمبلی رویند رکمار‘ سابق رکن اسمبلی گنڈا ملیش‘ ای ٹی نرسمہا‘ ڈاکٹر سدھاکر اور دیگر کے علاوہ ایکزیکٹیو اور کونسل ارکان کی کثیرتعداد بھی اس موقع پر موجود تھی۔

TOPPOPULARRECENT