Thursday , September 20 2018
Home / ہندوستان / شادی بیاہ میں فضول خرچی نہ کرنے میمن برادری کا فیصلہ

شادی بیاہ میں فضول خرچی نہ کرنے میمن برادری کا فیصلہ

تقاریب سادہ ہوں گی، معاشی بدحالی کے شکار لوگوں کی بھرپورمددکا عزم
ممبئی11اپریل (سیاست ڈاٹ کام)عالمی یوم میمن کے موقع پر آج یہاں میمن مسلم فرقے نے سماجی اور فلاح وبہبود کے کاموں کے لیے وقف کرنے عزم کیا اور فیصلہ لیا گیا کہ شادی اور دیگر تقاریب کو سادگی سے منایا جائے گا اور کاروباری سماجی ذمہ داری (کارپوریٹ سوشل رسپانسبلیٹی) کی جانب بھی پہل کی جائے گی ۔ورلڈ میمن ڈے کا انعقاد کل ہند میمن جماعت فیڈریشن (اے آئی ایم جے ایف) کے زیراہتمام کیا گیا ہے ۔ جنوبی ممبئی میں واقع بیگ محمد پارک میں منعقد ہ میمن فرقے کے اس سالانہ اجلاس میں کانگریس ایم ایل اے امین پٹیل ،سابق ایم ایل اے ایڈوکیٹ یوسف ابراہانی ،کارپوریٹر جاوید جنیجہ ،بی جے پی ترجمان اتل شاہ ،ماہم مخدوم شاہ ماہمی درگاہ کے چیئرمین سہیل کھنڈوانی اور دیگر معززین نے شرکت کی ۔ اس موقع پر مطلع کیا گیا کہ دنیا بھر میں پانچ براعظم میں تقریباً 40لاکھ میمن آباد ہیں جبکہ صرف ہندوستان میں ان کی آبادی پندرہ لاکھ سے تجاوز کرچکی ہے ۔شہری علاقوں میں سماجی ،تعلیمی اور ثقافتی میدانوں میں سرگرم میمن فرقے نے مستقبل میں مہاراشٹر کے قبائلی علاقوں میں بھی فلاحی کام کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور ان علاقوں میں غربت اور افلاس سے نمٹنے کے لیے حکمت عملی تیارکی جائے گی۔ انہوں نے یقین دلایا کہ چندر پورضلع سے تعلق رکھنے والے 10قبائلی لڑکوں اور لڑکیوں پر مشتمل ٹیم کو ماونٹ ایورسٹ کی چوٹی سرکرنے کے مشن میں مکمل مدد کی جائے گی۔ کل ہند میمن جماعت فیڈریشن کے صدراقبال میمن آفیسر نے مزید کہا کہ میمن فرقے نے تعلیمی، طبّی، ہاوزنگ کے ساتھ ساتھ معاشی بدحالی کاشکار لوگوں کی بھرپورمددکی جائے گی اور دیہی علاقوں کی خواتین کی بہتری ،راحتی کاموں میں اتحاد کے لیے اہم اقدامات کیے جائیں گے ۔ انہیں نے کہا کہ ہم امدادی اور بھلائی کے کاموں میں سرگرم ہیں اور ہم چاہتے ہیں کہ ایسے کاموں بہتر انداز میں سرانجام دیا جائے ،اس مقصد کے لیے ہمیں مشوروں اور آراء سے نوازا جاسکتا ہے ۔جبکہ قبائلی علاقوں میں اسکول کے بچوں کو کھیل کود میں آگے بڑھانے کے مقصد سے کئی منصوبے بنائے گئے ہیں ۔
اور اس کے تحت اولمپکس اور کامن ویلتھ گیمس کے کوچ سے تبادلہ خیال کرنے کا ارادہ ہے ۔
اس موقع پر مقررین اور مختلف سیاسی پارٹیوں کے نمائندوں نے یقین دلایا کہ میمن جماعت فیڈریشن کے فلاحی ،تعلیمی اور سماجی کاموں کے فروغ کے لیے ہرممکن تعاون دیا جائیگا۔

TOPPOPULARRECENT