Sunday , April 22 2018
Home / شہر کی خبریں / شادی بیاہ کے مسئلہ پر وقف بورڈ میں آج اجلاس

شادی بیاہ کے مسئلہ پر وقف بورڈ میں آج اجلاس

علماء، پولیس عہدیدار وں اور قاضیوں کی شرکت:صدرنشین وقف بورڈمحمد سلیم

حیدرآباد۔22 ۔ جنوری (سیاست نیوز) شادی بیاہ کے موقع پر بیجا رسومات اور اسراف سے بچنے کیلئے صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم نے کل 23 جنوری کو پولیس عہدیداروں ، علماء و مشائخین اور قاضیوں کے ساتھ اجلاس طلب کیا ہے۔ اس اجلاس کا مقصد شادی بیاہ کی تقاریب کو رات 12 بجے ختم کرنا ہے تاکہ ناچ گانے ، بیانڈ باجہ اور دیگر رسومات سے بچا جاسکے۔ اس کے علاوہ نئی نسل کو برائیوں سے روکنے اور رات دیر گئے تک گھومنے سے بچانے کیلئے یہ اقدام ضروری ہے۔ پولیس عہدیداروں نے اس مہم میں مکمل تعاون کا یقین دلایا ہے۔ ضرورت پڑنے پر شادی خانوں کے مالکین کو رات 12 بجے کی شرط پر عمل کرنے کیلئے پابند کیا جائے گا ۔ صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم نے بتایا کہ اس مہم کے سلسلہ میں انہیں علماء و مشائخین اور مسلم تنظیموں کی جانب سے مکمل تائید حاصل ہورہی ہے ۔ عام مسلمان بھی اس مہم کے حق میں ہے تاکہ نوجوان نسل کو سماجی برائیوں سے بچایا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ شادی بیاہ کی تقاریب کے رات دیر گئے تک انعقاد سے نہ صرف شرعی احکامات کی خلاف ورزی ہورہی ہے بلکہ معمولاتِ زندگی میں تبدیلی سے مختلف بیماریوں کا شکار ہورہے ہیں۔ نوجوان نسل تعلیم سے دور ہورہی ہے اور رات بھر جاگنے سے اسکولی بچوں کی تعلیم بھی متاثر ہورہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ رات دیر گئے تک جاگنے اور بیانڈ باجہ اور رقص کے نتیجہ میں حالیہ دنوں دو نوجوانوں کی موت واقع ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ بیجا اسراف سے بچتے ہوئے نہ صرف غریب اور متوسط مسلمانوں کو معاشی طور پر بوجھ سے بچایا جاسکتا ہے بلکہ دولتمند افراد اسراف سے بچنے والی رقم میں غریب لڑکیوں کی شادیاں انجام دے سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اجلاس میں علماء ، قاضیوں اور مختلف مسلم تنظیموں کے نمائندوں سے تجاویز حاصل کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ عصر تا عشاء نکاح منعقد کیا جائے اور رات 11.30 بجے تک کھانے کا انتظام مکمل ہو۔ رات 12 بجے فنکشن ہال بند کیا جانا چاہئے ۔ اس سلسلہ میں پولیس نے مکمل تعاون کا یقین دلایا ہے تاکہ نوجوانوں کو جرائم سے روکا جاسکے ۔ انہوں نے کہا کہ وہ بحیثیت صدرنشین وقف بورڈ یہ مہم نہیں چلا رہے ہیں بلکہ ایک دردمند دل رکھنے والے مسلمان کی حیثیت سے اجلاس طلب کر رہے ہیں۔

TOPPOPULARRECENT