Thursday , August 16 2018
Home / Top Stories / شادی خانہ میں آرکسٹرا، نیم عریاں رقص کیخلاف مقدمہ

شادی خانہ میں آرکسٹرا، نیم عریاں رقص کیخلاف مقدمہ

ولیمہ کی تقریب میں رکن پارلیمنٹ و اسمبلی اور بعض پولیس عہدیداروں کی شرکت

حیدرآباد۔ 22 جولائی (سیاست نیوز) چندرائن گٹہ پولیس نے بنڈلہ گوڑہ علاقہ میں واقع ایک شادی خانہ کے انتظامیہ کے خلاف قانون کی خلاف ورزی کرنے اور نیم برہنہ رقص کی اجازت دینے کے خلاف ایک مقدمہ درج کرلیا۔ تفصیلات کے بموجب جمعہ کی رات بنڈلہ گوڑہ کے ایک مشہور شادی خانہ میں ولیمہ کی تقریب کا اہتمام کیا گیا تھا جس میں رکن پارلیمنٹ اور ارکان اسمبلی بھی شریک تھے۔ اس موقع پر میزبانوں کی جانب سے مبینہ طور پر آرکسٹرا کا بھی اہتمام کیا گیا تھا جس میں فلمی گیتوں پر خاتون ڈانسرس کی جانب سے نیم برہنہ رقص کیا گیا۔ یہ پروگرام رات دیر گئے تک جاری رہا اور مسلسل آرکسٹرا بجنے کے نتیجہ میں شادی خانہ کے اطراف و اکناف کے رہائشی علاقوں کے عوام نے پولیس کنٹرول روم سے شکایت کی۔ قانون کی خلاف ورزی کرتے ہوئے تقریب میں ڈرون کیمروں کا استعمال کرتے ہوئے یہ فحش مناظر کو محفوظ بھی کیا گیا۔واضح رہے کہ کمشنر پولیس حیدرآباد نے دونوں شہروںمیں ڈرون کیمروں کے استعمال پر پابندی عائد کی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ اس تقریب میں رکن پارلیمنٹ و ارکان اسمبلی کی شرکت کے علاوہ بعض پولیس عہدیدار بھی موجود رہنے کی اطلاع ہے۔ خاتون ڈانسرس کی جانب سے اس تقریب میں نیم عریاں اور فحش ڈانس کرنے پر تقریب میں موجود کئی افراد حیرت زدہ ہوگئے۔ مخرب اخلاق رقص کا ویڈیو سوشیل میڈیا پر وائرل ہونے کے نتیجہ میں چندرائن گٹہ پولیس نے ازخود کارروائی کرتے ہوئے شادی خانہ کے انتظامیہ بشمول مینیجر، ولیمہ آرگنائزر اور دیگر 3 کے خلاف تعزیراتِ ہند کی دفعہ 294 (نیم برہنہ و قابل اعتراض رقص)، 188 (پولیس قوانین کی خلاف ورزی) کے تحت ایک مقدمہ درج کرلیا۔ پولیس نے اخلاق باختہ رقص کا ویڈیو عام ہونے کے بعد اپنی ساکھ کو بچانے کیلئے چندرائن گٹہ علاقہ میں موجود تمام شادی خانوں کے مالکین اور مینیجرس کو طلب کیا۔ انسپکٹر چندرائن گٹہ نوین کی زیرنگرانی یہ اجلاس منعقد کیا گیا جس میں شادی خانوں کے انتظامیوں کو صوتی آلودگی، نیم عریاں و فحش رقص اور صبح کی اولین ساعتوں تک گانے بجانا اور آرکسٹرا کی اجازت نہ دینے کی ہدایت دی۔ اس میٹنگ میں پولیس نے شادی خانوں کے انتظامیہ کو واضح طور پر انتباہ دیا کہ قانون کی خلاف ورزی کرنے کی صورت میں سخت ترین کارروائی کی جائے گی۔ پولیس نے شادی خانوں کے ذمہ داران کو یہ بھی ہدایت دی ہے کہ اپنے فنکشن ہالس میں خواتین کے داخلے کی گیٹس کے پاس سی سی ٹی وی کیمرے نصب کریں چونکہ شادی خانوں میں آئے دن سرقہ کی وارداتوں میں اضافہ ہورہا ہے۔

TOPPOPULARRECENT