Thursday , November 23 2017
Home / شہر کی خبریں / شادی مبارک اسکیم سے 88کروڑ 14 لاکھ کی تقسیم

شادی مبارک اسکیم سے 88کروڑ 14 لاکھ کی تقسیم

کلیان لکشمی اور شادی مبارک اسکیم کا جائزہ ، بھوپال ریڈی کا خطاب
حیدرآباد ۔ 24 ۔ اگست (سیاست  نیوز) تلنگانہ ریاست میں شادی مبارک اسکیم کے تحت گزشتہ دو برسوں میں 17675 خاندانوں میں فی کس 51 ہزار روپئے امداد کے طور پر 88 کروڑ 14 لاکھ 25 ہزار روپئے تقسیم کئے گئے۔ چیف منسٹر کے اسپیشل سکریٹری برائے بہبود کے بھوپال ریڈی نے آج شادی مبارک اور کلیان لکشمی اسکیم پر عمل آوری کا جائزہ لیا۔ دونوں اسکیمات پر موثر عمل آوری اور اس کے نتائج پر عہدیداروں نے اطمینان کا اظہار کیا ہے ۔ محکمہ اقلیتی بہبود کی جانب سے پیش کردہ اعداد و شمار کے مطابق 2014-15 ء میں 5793 خاندانوں میں 27 کروڑ 54 لاکھ 43 ہزار روپئے جاری کئے گئے  جبکہ جاریہ سال 23 اگست تک 11882 خاندانوں میں 60 کروڑ 59 لاکھ 82 ہزار روپئے جاری کئے گئے ۔ شادی مبارک اور کلیان لکشمی اسکیمات کو گرین چیانل میں رکھا گیا ہے جس کے لئے بجٹ کی اجرائی کا انتظار کرنا نہیں پڑتا۔ 2 اکتوبر 2014 ء سے ان اسکیمات کا آغاز کیا جس کے تحت غریب لڑکیوں کی شادی پر فی کس 51 ہزار روپئے کی امداد دی جاتی ہے ۔ ڈائرکٹر اقلیتی بہبود جلال الدین اکبر کے مطابق 2 اکتوبر 2014 ء کے بعد انجام پانے والی شادیوں کو یہ امداد دی جائے گی۔ غریب خاندان اس اسکیم سے استفادہ کرسکتے ہیں۔ خاندان کی سالانہ آمدنی 2 لاکھ روپئے سے کم ہونی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ اس اسکیم کے بارے میں اقلیتوں میں مزید شعور بیدار کرنے کی ضرورت ہے۔ درج فہرست اقوام کے لئے کلیان لکشمی اسکیم کے تحت جاریہ سال ابھی تک 98 کروڑ 57 لاکھ روپئے جاری کئے گئے۔ 19 ہزار 328 خاندانوں کو اس اسکیم سے فائدہ ہوا۔ جاریہ سال ایس سی طبقہ کیلئے 31395 خاندانوں کو امداد کا نشانہ مقرر کیا گیا ہے ۔ عہدیداروں نے بتایا کہ اس اسکیم کیلئے ابھی تک 22128 افراد نے درخواستیں داخل کی ہیں۔ گزشتہ سال ایس سی طبقات کو اس اسکیم کے تحت 27 کروڑ 41 لاکھ روپئے جاری کئے گئے تھے اور 5376 خاندانوں کو فائدہ ہوا۔ ایس ٹی طبقات کو اس اسکیم کے تحت جاریہ سال 49 کروڑ 50لاکھ روپئے 9705 خاندانوں میں جاری کئے گئے ہیں۔ گزشتہ سال 2430 خاندانوں کیلئے 12 کروڑ 90 لاکھ روپئے جاری کئے گئے تھے۔

TOPPOPULARRECENT