Sunday , September 23 2018
Home / اضلاع کی خبریں / شادی مبارک اسکیم والدین کے ذہنی تناؤ کو کم کرنے والی اسکیم

شادی مبارک اسکیم والدین کے ذہنی تناؤ کو کم کرنے والی اسکیم

ظہیرآباد میں منعقدہ پروگرام میں چیکس کی تقسیم ، ریاستی وزیر ہریش راؤ اور دیگر کی مخاطبت

ظہیرآباد ۔ /15 مئی (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ریاستی وزیر آبپاشی ٹی ہریش راؤ نے کل شام یہاں فرینڈس گارڈن فنکشن ہال میں کلیان لکشمی و شادی مبارک کے چیکس کی تقسیم کے ضمن میں منعقدہ پروگرام کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ریاستی حکومت کی شروع کردہ کلیان لکشمی و شادی مبارک اسکیم ، غریب والدین کے لئے راحت رساں اور ذہنی تناؤ کو کم کرنے والی اسکیم ہے ۔ جس سے تاحال ہزارہا خاندانوں کی لڑکیوں کی شادیاں ہوچکی ہیں اور ہورہے ہیں ۔ انہوں نے اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ حلقہ اسمبلی ظہیرآباد مسلمانوں کی آبادی کے اعتبار سے قدیم ضلع میدک میں سب سے بڑا حلقہ ہے ۔ جہاں اس اسکیم کے تحت 2016 ء سے لے کر تاحال 18 کروڑ 30 لاکھ 57 ہزار 184 روپئے مالیتی چیکس تقسیم کئے گئے جس کے استفادہ کنندگان میں سب سے زیادہ تعداد مسلم خواتین کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت نہ صرف غریب لڑکیوں کی شادی کے لئے رقمی امداد دے رہی ہے بلکہ شادی کے بعد لڑکی والوں کو ڈیلیوری کے ضمن میں ہونے والے اخراجات سے بچانے کی خاطر سرکاری دواخانوں میں ڈیلیوری کے لئے موثر اقدامات بھی کررہی ہے ۔ انہوں نے اس اسکیم کے تحت حلقہ اسمبلی ظہیرآباد میں مزید 200 درخواستیں زیرالتواء رہنے کا بھی انکشاف کیا ۔ حلقہ اسمبلی ظہیرآباد میں بلاوقفہ برقی سربراہی کے لئے براہ نارائن کھیڑ تا ظہیرآباد دوسری لائن کی تنصیب کا کام کا بھی جلد آغاز ہوگا ۔ انہوں نے صحافیوں کے لئے ڈبل بیڈروم مکانات کی تعمیر کا تذکرہ کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ مستقر ظہیرآباد کو ساری ریاست میں دوسرا مقام ہے جہاں صحافیوں کے لئے علحدہ طور پر ڈبل بیڈ مکانات کی تعمیر کے لئے سنگ بنیاد رکھا گیا ہے ۔ انہوں نے ریاست بھر میں /10 مئی تا /17 مئی شروع کردہ رعیتو بندھو اسکیم کے تحت حلقہ اسمبلی ظہیرآباد کے کسانوں میں 81 کروڑ روپئے مالیتی چیکس تقسیم کئے جانے کا بھی انکشاف کیا ۔ انہوں نے میونسپلٹی ظہیرآباد کی ترقی کے لئے مزید 25 کروڑ روپئے منظور کرنے کا بھی تیقن دیا ۔ ایم ایل سی محمد فریدالدین نے خطاب کرتے ہوئے ادعا کیا کہ ریاستی حکومت سماج کے تمام طبقات کی یکساں ترقی کے لئے ٹھوس اقدامات کررہی ہے ۔ انہوں نے ماہ رمضان المبارک کی آمد پر مسلمانوں کو مبارکباد دیتے ہوئے ان سے ملک خاص کر ریاست کی ترقی اور امن و امان کی برقراری کے لئے بارگاہ خداوندی میں دعا کرنے کی اپیل کی ۔ رکن پارلیمنٹ ظہیرآباد بی بی پاٹل اور ضلع کلکٹر وی وینکٹیشورلو نے بھی خطاب کیا ۔ بعدازاں کلیان لکشمی و شادی مبارک اسکیم کے تحت ظہیرآباد ، کوہیر ، اور جھرہ سنگم کے (181) استفادہ کنندگان میں ایک کروڑ 34 لاکھ 3 ہزار 68 روپئے مالیتی چیکس تقسیم کئے گئے ۔ اس موقع پر ورنگل کے میئر نریندر ، صدرنشین بلدیہ ظہیرآباد شبانہ بیگم، صدرنشین زرعی مارکٹ کمیٹی ڈی لکشما ریڈی ، صدر ظہیرآباد منڈل پرجا پریشد چرنجیوی پرساد ، کشن پوار رکن ضلع پرشید ، پی رام کرشنا ریڈی چیرمین آتما کمیٹی اور دوسرے قائدین کے علاوہ سرکاری عہدیدار ضلع کلکٹر وی وینکٹیشورلو ، آر ڈی او عبدالحمید شہ نشین پر موجود تھے جب کہ شرکاء میں خواتین کی قابل لحاظ تعداد شامل تھی ۔

TOPPOPULARRECENT