Sunday , December 17 2017
Home / شہر کی خبریں / شادی مبارک اسکیم کا کل ایک سال مکمل

شادی مبارک اسکیم کا کل ایک سال مکمل

آٹو رکشا اسکیم کا کل ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی افتتاح کریں گے
حیدرآباد ۔ 30 ۔ ستمبر (سیاست نیوز) محکمہ اقلیتی بہبود 2 اکتوبر کو ریاست میں شادی مبارک اسکیم کے ایک سال کی تکمیل کے سلسلہ میں پروگرام منعقد کرے گا ، جس میں اس اسکیم پر کامیاب عمل آوری کی تفصیلات جاری کی جائیں گی۔ حج ہاؤز کے احاطہ میں منعقد ہونے والی اس تقریب میں ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی اقلیتی فینانس کارپوریشن کی آٹو رکشا اسکیم کیلئے درخواستوں کی وصولی سے متعلق ویب سائیٹ کا افتتاح انجام دیں گے۔ اس اسکیم کے تحت حیدرآباد و رنگا ریڈی کے ایک ہزار غریب اقلیتی افراد کو آٹو رکشا حوالے کئے جائیں گے۔ اقلیتی فینانس کارپوریشن آٹو کی مالیت کے اعتبار سے 50 فیصد رقم بطور سبسیڈی فراہم کرے گا جبکہ بینک سے 40 فیصد قرض منظور کیا جائے گا ۔ 10 فیصد رقم منتخب امیدوار کو ادا کرنا ہوگا۔ ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی نے بتایا کہ اقلیتی خاندانوں میں معاشی پسماندگی دور کرنے کیلئے اس اسکیم کا آغاز کیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ 22 اکتوبر تک درخواستیں قبول کی جائیں گی اور 11 نومبر کو یوم اقلیتی بہبود کے موقع پر منتخب امیدواروں میں آٹو رکشا کی تقسیم عمل میں آئے گی ۔ انہوں نے بتایا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے اس اسکیم کے آغاز پر مسرت کا اظہار کیا ہے اور وہ چاہتے ہیںکہ اضلاع میں بھی اس اسکیم کو توسیع دی جائے۔ انہوں نے بتایا کہ اسکیم کے لئے امیدواروں کے انتخاب کے سلسلہ میں مکمل شفافیت سے کام لیا جائے گا اور اعلیٰ عہدیداروں پر مشتمل کمیٹی امیدواروںکا انتخاب کرے گی ۔ محمود علی نے شادی مبارک اسکیم کے ایک سال کی تکمیل اور ریکارڈ تعداد میں درخواستوں کی یکسوئی پر مسرت کا اظہار کیا ۔ انہوں نے کہا کہ 11 ماہ کی مدت میں محکمہ اقلیتی بہبود نے مقررہ نشانہ کی تکمیل کرلی ہے۔ 10 اضلاع میں 20660 غریب اقلیتی لڑکیوں کی شادی کیلئے فی کس 51,000 روپئے کی امداد منظور کی گئی اور 105 کروڑ روپئے جاری کئے گئے ۔ انہوں نے بتایا کہ محکمہ اقلیتی بہبود نے مقررہ نشانہ کی تکمیل کرلی ہے اور آئندہ سال مزید بہتر مظاہرہ کی امید ہے۔ ڈپٹی چیف منسٹر کے مطابق حیدرآباد میں 6041 لڑکیوں کی شادی کیلئے امداد جاری کی گئی جبکہ عادل آباد میں 2047 ، کریم نگر 1170 ، کھمم 721 ، محبوب نگر 1558 ، میدک 1757 ، نلگنڈہ 1117 ، نظام آباد 2392 ، رنگا ریڈی 2900 اور ورنگل میں 957 لڑکیوں کی شادی کیلئے امداد جاری کی گئی ہے۔ 10 اضلاع میں 4524 درخواستیں زیر التواء ہے جن کی عاجلانہ یکسوئی کیلئے عہدیداروں کو ہدایت دی گئی ہے ۔ محمد محمود علی نے بتایا کہ حیدرآباد میں 30 کروڑ 80 لاکھ روپئے جاری کئے گئے جبکہ نظام آباد 12 کروڑ 19 لاکھ کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔ عادل آباد میں 10 کرو ڑ 43 لاکھ ، کریم نگر 5 کروڑ 9 لاکھ ، کھمم 3 کروڑ 67 لاکھ ، محبوب نگر 7 کروڑ 94 لاکھ ، میدک 8 کروڑ ، 96 لاکھ ، نلگنڈہ 5 کروڑ 69 لاکھ اور ورنگل میں 4 کروڑ 88 لاکھ روپئے جاری کئے گئے۔

TOPPOPULARRECENT