Tuesday , September 25 2018
Home / شہر کی خبریں / شادی مبارک اسکیم کی رقم میں اضافہ کا خیرمقدم،صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم کی چیف منسٹر کو مبارکباد

شادی مبارک اسکیم کی رقم میں اضافہ کا خیرمقدم،صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم کی چیف منسٹر کو مبارکباد

حیدرآباد۔20 مارچ (سیاست نیوز) صدرنشین تلنگانہ وقف بورڈ محمد سلیم نے شادی مبارک اسکیم کی امدادی رقم کو ایک لاکھ 116 روپئے کرنے کا خیرمقدم کرتے ہوئے چیف منسٹر کے چندر شیکھررائو کو مبارکباد پیش کی۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے محمد سلیم نے کہا کہ کے سی آر نے غریب لڑکیوں کی شادی کو آسان بنانے کے لیے انقلابی قدم اٹھایا ہے۔ کے سی آر صرف ایک سیاستداں نہیں بلکہ عوام کی بھلائی اور سماجی مسائل کے حل کے سلسلہ میں بھی کوشاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی کسی بھی ریاست میں غریب لڑکیوں کی شادی کے سلسلہ میں اس قدر خطیر رقم بطور امداد دیئے جانے کی کوئی مثال نہیں ملتی۔ انہوں نے کہا کہ 3 برسوں میں حکومت نے امدادی رقم کو ایک لاکھ تک اضافہ کردیا ہے۔ محمد سلیم نے کہا کہ تلنگانہ ریاست تمام طبقات کی بھلائی کے اقدامات میں ملک میں سرفہرست ہے۔ چیف منسٹر واحد سکیولر قائد ہیں جنہوں نے تلنگانہ ریاست کی تشکیل کے ساتھ ہی مسلمانوں سے کیے گئے وعدوں پر عمل آوری کا آغاز کردیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ مسلمانوں کو 12 فیصد تحفظات کی فراہمی کے سلسلہ میں ہر سطح پر جدوجہد کی جارہی ہے۔ محمد سلیم نے کہا کہ مسلمانوں کی تعلیمی اور معاشی پسماندگی کے خاتمہ کے لیے اوورسیز اسکالرشپ اسکیم اور صدفیصد سبسیڈی اسکیم متعارف کی گئی ہے۔ ان اسکیمات کے ذریعہ مسلمانوں کو معاشی شعبہ میں مستحکم بنایا جاسکتا ہے۔ ریاست میں اقلیتوں کے لیے اقامتی اسکولوں کے قیام کا حوالہ دیتے ہوئے محمد سلیم نے کہا کہ 204 اقامتی اسکول قائم کیے گئے جبکہ 2 اقامتی جونیئر کالجس کامیابی سے کام کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کے مسلمان حکومت کی کارکردگی سے خوش ہیں اور آئندہ انتخابات میں ٹی آر ایس کی دوبارہ کامیابی یقینی ہے۔

Top Stories

TOPPOPULARRECENT