Friday , May 25 2018
Home / شہر کی خبریں / شادی مبارک اور بینکوں سے مربوط سبسیڈی اسکیمات ٹھپ

شادی مبارک اور بینکوں سے مربوط سبسیڈی اسکیمات ٹھپ

سینکڑوں درخواستیں التواء کا شکار، درخواست گذار دفاتر کے چکر لگانے پر مجبور

حیدرآباد۔18فروری(سیاست نیوز) شادی مبارک اور بینک سبسیڈی سے مربوط قرض کی اسکیم کے سلسلہ میں متعلقہ محکمہ جات کی جانب سے اختیار کردہ سردمہری کے سبب عوام میں مایوسی پائی جانے لگی ہے او رحکومت کی ان اسکیمات پر مؤثر عمل آوری نہ ہونے کے سبب کئی لوگ دفاتر کے چکر کاٹنے پر مجبور ہو رہے ہیں۔ ریاستی حکومت نے بینک سے مربوط سبسیڈی قرض کی اسکیم پر مؤثر عمل آوری کیلئے اقدامات کی ہدایت جاری کرتے ہوئے زیر التواء درخواستوں کی عاجلانہ یکسوئی کو ممکن بنانے کا اعلان کیا تھا لیکن اب تک بھی ان درخواستوں کی یکسوئی کے سلسلہ میں کوئی اقدامات نہیں کئے گئے ہیں بتایا جاتاہے کہ حکومت کی اس اسکیم کو بینکوں کی جانب سے کوئی منظوری حاصل نہیں ہورہی ہے اور بینکوں کے عدم تعاون کے سبب اس اسکیم کے درخواست گذاروں کو انتظار کرنا پڑ رہا ہے لیکن درخواست گذاروں کا کہناہے کہ بینکوں کی جانب سے قرض کی منظوری کے مکتوب روانہ کئے جانے کے باوجود متعلقہ محکمہ کی جانب سے سبسیڈی کی رقم جاری نہیں کی جا رہی ہے جس کے سبب درخواست گذاروں کو تکالیف کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔ حکومت تلنگانہ کی جانب سے وصول کی گئی ان درخواستوں کے متعلق عہدیداروں کا رویہ ناقابل بیان ہوتا جا رہاہے او رکوئی بھی عہدیدار ان درخواستوں کی یکسوئی کے متعلق واضح جواب دینے کے موقف میں نہیں ہے۔ ریاستی حکومت کی جانب سے کلیان لکشمی اور شادی مبارک کی درخواستوں کی بھی عاجلانہ یکسوئی کی ہدایت جاری کی جار ہی ہیں لیکن ان درخواستوں کی بھی تنقیح و تحقیق کے نام پر عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے اور درخواست گذار دفاتر کے چکر کاٹ رہے ہیں۔ ریاست تلنگانہ کے تمام اضلاع میں ان درخواست گذاروں کو تکالیف کا سامنا کرنا پڑ رہاہے اور کہا جا رہاہے کہ ہر ضلع میں بینک عہدیداروں کی جانب سے قرض کی منظوری کے مکتوب کی اجرائی کے باوجود حکومت کی جانب سے فراہم کی جانے والی سبسیڈی کی رقم جاری نہ کئے جانے کے سبب بینکرس کے ریکارڈ میں یہ بات درج کی جانے لگی ہے کہ بینک نے قرض منظور کردیا ہے اور بینک کا نشانہ مکمل ہو رہا ہے جبکہ محکمہ کی جانب سے سبسیڈی کی رقم جاری نہ کئے جانے کے باعث بینک کی منظورہ رقم بھی جاری نہیں ہو پارہی ہے اور درخواست گذار کے نام پر قرض کی منظوری ریکارڈ میں موجود رہ رہی ہے بینک سے مربوط قرض کی اسکیم میں درخواست داخل کرنے والوں اور شادی مبارک اسکیم سے استفادہ کیلئے درخواست داخل کرنے والوں نے حکومت سے اپیل کی ہے کہ کم از کم ان کی درخواستوں کے موقف کی جانکاری فراہم کرنے کے اقدامات کئے جائیں۔

TOPPOPULARRECENT