Tuesday , December 12 2017
Home / جرائم و حادثات / شادی کے نام پر دھوکہ دینے پر چار افراد گرفتار

شادی کے نام پر دھوکہ دینے پر چار افراد گرفتار

ویب سائٹ پر غلط معلومات کی فراہمی کا شاخسانہ ، سائبر پولیس کرائم کی کارروائی
حیدرآباد ۔ /18 ستمبر (سیاست نیوز) شادی کی ویب سائیٹ کے ذریعہ خاتون کو آن لائن دھوکہ دہی دینے والے چار افراد بشمول دو نائجیریائی باشندوں کو حیدرآباد کی سائبر کرائم پولیس نے گرفتار کرلیا ۔ جوائنٹ کمشنر آف پولیس ڈیٹکٹیو ڈپارٹمنٹ مسٹر وی پربھاکر راؤ نے بتایا کہ خاتون نے سائبر کرائم پولیس سے ایک شکایت درج کروائی جس میں یہ بتایا کہ بھارت میٹری مونی ویب سائیٹ کے ذریعہ ایک نامعلوم شخص نے خود کو بڑا تاجر ظاہر کرتے ہوئے 15 لاکھ 62 ہزار روپئے ہڑپ لئے ۔ انہوں نے بتایا کہ اس ٹولی کا سرغنہ لوئس ایف ایم فونا جس کا تعلق نائجیریا سے ہے ۔ اس نے اپنے ساتھی نائجیرین باشندوں ایکبوٹ کنگس لے اچیکا اور ایکبوٹ جوڈ نابولار مقامی ایجنٹس کی مدد سے غیرشادی شدہ اور بیوہ خواتین کو بڑے پیمانے پر دھوکہ دیا ۔ انہوں نے بتایا کہ نائجیریائی باشندہ لوئس نے بھارت میٹری مونیل ویب سائیٹ پر خود کو چندرن ڈیویڈ پٹیل ظاہر کرتے ہوئے متاثرہ خاتون کو یہ یقین دلایا کہ وہ کارنیول کروز لائینس نامی بڑی کمپنی کا منیجر آپریشنس ہے اور اس سے شادی کا خواہشمند ہے اور وہ بطور تحفہ بعض قیمتی اشیاء بشمول طلائی زیورات ، شادی کیلئے انگوٹھی اور برطانوی پاؤنڈس روانہ کیا ہے اور اسے ایرپورٹ پہونچ کر حاصل کرنے کا مشورہ دیا ۔  درخواست گزار خاتون لوئس کے جھانسے میں آگئی اور اس نے نامعلوم شخص جو خود کو لوئس کا ساتھی ظاہر کرتے ہوئے تحفہ پہونچانے کا وعدہ کیا لیکن قیمتی اشیاء کیلئے کسٹمز ، ٹیکس اور دیگر اخراجات ادا کرنے کا مشورہ دیا جس پر خاتون نے اُس شخص کے فرضی بینک کھاتے میں 15 لاکھ 62 ہزار روپئے جمع کئے ۔ جمع کردہ رقم کو لوئس اپنے ایجنٹس کی مدد سے بینک سے حاصل کرلیا کرتا تھا اور بینک کھاتے کھولنے کیلئے دہلی کے مقامی ایجنٹس مدد فراہم کیا کرتے تھے ۔ سائبر کرائم پولیس نے خاتون کی شکایت پر مقدمہ درج کرتے ہوئے نائجیریائی باشندوں کے موبائیل کی مدد سے انہیں دہلی میں گرفتار کرلیا ۔ سائبر کرائم پولیس نے نائجیریائی باشندوں کے علاوہ مقامی ایجنٹس سنتوش کمار اور دھیریندر کمار کو بھی گرفتار کرلیا اور چار ملزمین کو حیدرآباد منتقل کیا ۔ پولیس کو اس دھوکہ دہی میں ملوث مزید 9  ملزمین کی تلاش ہے ۔

TOPPOPULARRECENT