Monday , September 24 2018
Home / ہندوستان / شاذیہ علمی پر سنگباری حملہ آوروں کا ’’ہرہر مودی‘‘ نعرہ

شاذیہ علمی پر سنگباری حملہ آوروں کا ’’ہرہر مودی‘‘ نعرہ

بھوپال ۔ 14 ۔ اپریل (سیاست ڈاٹ کام) عام آدمی پارٹی کی قومی ترجمان شاذیہ علمی پر نیمچ میں سنگ باری کی گئی ۔ جن لوگوں نے ان پر حملہ کیا وہ بی جے پی کے وزارت عظمیٰ کے امیدوار نریندر مودی کی حمایت میں نعرے بازی کر رہے تھے ۔ اطلاعات کے مطابق شاذیہ علمی کمل چوک میں جلسہ سے خطاب کر رہی تھیں۔ ان کے ساتھ مندسور حلقہ سے پارٹی کے امیدوار پارس سکلیچہ بھی تھے ۔ اچانک ایک میٹر کی دوری پر کچھ لوگ وہاں جمع ہوگئے اور ’’ ہر ہر مودی ‘‘ اور ’’کجریوال غدار‘‘ جیسے نعرے لگانے لگے اور شہ نشین پر سنگباری شروع کردی جس کی وجہ سے شاذیہ علمی اور سککلچہ معمولی طور پر زخمی ہوئے جبکہ وہاں موجود ایک چھوٹی بچی کی پیشانی پر پتھر لگنے سے وہ زخمی ہوگئی ۔ جس وقت شاذیہ علمی پر سنگباری کی گئی انہوں نے فوری جھک کر خود کو حملہ سے بچایا لیکن معمولی طورپر زخمی ہونے سے خود کو نہ بچا سکیں۔ اپنی تقریر جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جھاڑو (پارٹی کا نشان) آپ کے پتھروں ، دیسی ساختہ بندوقوں اور تلواروں کا صفایا کردے گی ۔ بعد ازاں اخباری نمائندوں سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بی جے پی کی اس حرکت سے واضح ہوگیا کہ پارٹی اور پار ٹی ارکان خوفزدہ ہیں ۔ مودی لہر کی جو بات کی جارہی ہے وہ دراصل ’’اسپانسر لہر‘‘ ہے ۔ شاذیہ علمی نے اس واقعہ کے بعد ایک روڈ شو میں بھی حصہ لیا۔

Top Stories

TOPPOPULARRECENT