Monday , December 11 2017
Home / عرب دنیا / شام: اپوزیشن نے حزب اللہ جنگجو یرغمال بنا لئے

شام: اپوزیشن نے حزب اللہ جنگجو یرغمال بنا لئے

دمشق19 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام)  شام کے دارالحکومت دمشق کے مغرب میں واقع الزبدانی شہر اپوزیشن کی نمائندہ فوج نے بشارالاسد کے وفادار فوجیوں اور لبنانی شیعہ ملیشیا حزب اللہ کے کئی جنگجوئوں کو حراست میں لینے کا دعویٰ کیا ہے۔ میڈیا کے مطابق یہ گرفتاریاں اس وقت کی گئی جب شامی فوجیوں اور ان کی حلیف حزب اللہ نے الزبدانی میں اپوزیشن کی چوکیوں پر یلغار کرتے ہوئے آگے بڑھنے کی کوشش کی۔ خونریز لڑائی کے دوران حزب اللہ جنگجوئوں کی جانب سے شہری آبادی پر راکٹوں اور میزائلوں سے حملے کیے گئے۔ اپوزیشن کی فوری اور موثر جوابی کارروائی کے بعد دشمن نے بھاگنے کی کوشش کی مگر ان کا محاصرہ کر لیا گیا اور کئی جنگجوئوں اور شامی فوجیوں کو یرغمال بنا لیا گیا۔ زبدانی میں شامی فوج کے جنگی طیاروں نے بھی بمباری کی۔ ٹینکوں کے گولہ باری کے ساتھ ساتھ میزائل حملے بھی کیے گئے۔ یاد رہے کہ چہارشنبہ سے الزبدانی میں متحارب فریقین کے درمیان جنگ بندی کا بھی امکان ہے۔ یہ جنگ بندی گذشتہ اتوار کو ہونا تھی مگر شامی حکومت اور فوج کی ہٹ دھرمی اور مسلسل گولہ باری کے نتیجے میں جنگ بندی کی کوشش متاثر ہوئی تھیں۔ واضح رہے کہ اس صورتحال سے عوام نقل مقام پر مجبور ہوچکے ہیں جس کی وجہ سے خواتین اور بچے شدید متاثر ہیں۔

TOPPOPULARRECENT