Saturday , November 25 2017
Home / دنیا / شام : روسی طیاروں کی دوسری کھیپ بھی وطن روانہ

شام : روسی طیاروں کی دوسری کھیپ بھی وطن روانہ

ماسکو ، 16 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) روسی وزارت دفاع نے آج  اعلان کیا کہ روسی جنگی طیاروں کی ایک اور کھیپ وطن واپسی کیلئے شام میں حمیمیم کے فضائی اڈے سے روانہ ہوگئی۔ وزارت کے مطابق مذکورہ طیاروں میں کارگو طیارہ Ilyushin Il-76 اور سوخوئی۔25 لڑاکا طیارے شامل ہیں۔ اس سے قبل طیاروں کی پہلی کھیپ منگل کے روز روس واپسی کیلئے روانہ ہوئی تھی۔ یہ روانگی روسی صدر ولادیمیر پوتن کی جانب سے شام سے جزوی انخلاء کے اعلان کے 24 گھنٹوں کے بعد عمل میں آئی۔ ادھر روس کے نائب وزیر دفاع نکولائی بانکوف نے منگل کے روز باور کرایا تھا کہ روسی افواج کے جزوی انخلاء کے باوجود روسی فضائی طیارے شام میں داعش اور دیگر دہشت گرد جماعتوں سے مربوط اہداف پر بمباری کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس حوالے سے یقینی مثبت نتائج حاصل ہوئے جس کے بعد اس پھیلے ہوئے تنازعہ کے خاتمے کا حقیقی موقع میسر آیا ہے۔ شام میں حمیمیم کے روسی فضائی اڈہ پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بانکوف نے کہا کہ  مشن پورا ہوگیا۔ تاہم دہشت گردی پر قابو پانے کے حوالے سے بات کرنا ابھی قبل از وقت ہوگا۔

TOPPOPULARRECENT