Tuesday , November 21 2017
Home / عرب دنیا / شام سے روسی فوج کا تخلیہ مثبت اقدام : سعودی عرب

شام سے روسی فوج کا تخلیہ مثبت اقدام : سعودی عرب

ریاض ۔ 22 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) سعودی عرب نے شام میں اتاری کی گئی روسی فوجوں کی واپسی کو مثبت قدم قرار دیتے ہوئے ماسکو کے اس فیصلے کی تحسین کی ہے۔ ریاض کا کہنا ہیکہ شام سے روسی فوج کی واپسی سے بشارالاسد کو پسپا ہونے اور سیاسی اقتدار کی منتقلی کی راہ ہموار کرنے میں مدد ملے گی۔ ساتھ ہی شام کے بحران کے حل کیلئے’جنیوا 1‘ معاہدے میں منظور کی جانے والی قراردادوں پر عمل درآمد کا بھی موقع میسر آئے گا۔ سعودی کابینہ کا اجلاس شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی زیرصدارت منعقد ہوا جس میں شام میں اسد حکومت اور اس کی حامی عسکری تنظیموں کے ہاتھوں نہتے شہریوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کی شدید مذمت کی۔ اجلاس میں کہا گیا کہ شامی حکومت اپنے اجرتی قاتلوں سے مل کراپنی ہی قوم کی نسل کشی کی مرتکب ہے اور پانچ سال میں 4 لاکھ لوگ لقمہ بنا دیے گئے جبکہ 12 ملین لوگوں کو گھربار چھوڑنے پر مجبور کیا گیا ہے۔ ریاض میں ہونے والے کابینہ اجلاس میں خلیج تعاون کونسل پر زور دیا گیا کہ وہ جنیوا میں جاری مذاکرات کے دوران شام میں انسانی حقوق کی پامالیوں کا معاملہ اٹھانے کیلئے اپنا کردار ادا کرے۔ سعودی کابینہ نے شامی حکومت کی جانب سے جنگ سے متاثرہ علاقوں میں امدادی کاموں کی بحالی کی راہ میں رکاوٹیں کھڑی کرنے، طبی سامان اور خوراک کی رسائی روکنے کے ہتھکنڈوں کی بھی شدید مذمت کی۔ اجلاس کے بعد میڈیا کو جاری بیان میں عالمی برادری سے بھی اپیل کی گئی کہ وہ شام میں جنگ سے متاثرہ شہریوں کی بحالی کیلئے دل کھول کرامداد دیں۔

TOPPOPULARRECENT