Monday , December 11 2017
Home / دنیا / شام میں بمباری روک دینے روس پر دباؤ امن مذاکرات معطل ہونے کے بعد جان کیری کا بیان

شام میں بمباری روک دینے روس پر دباؤ امن مذاکرات معطل ہونے کے بعد جان کیری کا بیان

لندن۔ 4 فروری (سیاست ڈاٹ کام) امریکی سیکریٹری آف اسٹیٹ جان کیری نے آج روس سے مطالبہ کیا کہ وہ شام میں جاری اپنی کارروائیوں کو فوری روک دے اور بمباری بند کردے۔ انہوں نے امن مذاکرات کے معطل ہوجانے کیلئے روس کو ذمہ دار ٹھہرایا اور کہا کہ یہ امن مذاکرات ناکام ہوتے ہیں تو روس ہی قصوروار ہوگا۔ شام میں جاری انسانی حقوق کی کوششوں پر منعقدہ ایک کانفرنس سے قبل لندن میں جان کیری نے کہا کہ انہوں نے روس کے وزیر خارجہ سریگو لاؤروف سے بات چیت کی ہے اور کہا ہے کہ شام میں جاری روسی کارروائیوں کو روک دینا چاہئے۔ کل جنیوا میں اقوام متحدہ کے سفیر اسٹیفن ڈی میشٹرو نے بشارالاسد حکومت اور شام کے اپوزیشن گروپ کے درمیان بات چیت شروع کرنے کی کوشش کی لیکن ناکام رہے۔ یہ بات چیت معطل کردی گئی۔ برطانوی وزیر خارجہ فلپ ہامونڈ کے ہمراہ اقوام متحدہ سلامتی کونسل کی قرارداد کی دفعات 2254 کو پڑھ کر سناتے ہوئے جان کیری نے زور دے کر کہا کہ شام میں فوری جنگ بندی ہونا چاہئے۔ روس کی اپنی ذمہ داری ہے لہذا اسے تمام فریقوں کی طرح برتاؤ کرنا چاہئے۔ جان کیری نے کہا کہ میں نے آج صبح روس کے وزیر خارجہ سے بات چیت کی اور تمام صورتِ حال پر تبادلہ خیال کیا۔ ہم دونوں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ جنگ بندی کیلئے کن عوامل پر غوروخوض کیا جاسکتا ہے۔ جان کیری نے کہا کہ جنگ کرنے والے دونوں فریقین کو جنگ بندی کرنی چاہئے۔ شامی افواج اور باغیوں کے درمیان تصادم کی وجہ سے انسانی بحران کا مسئلہ پیدا ہورہا ہے۔ رو س ، بشارالاسد حکومت کی حمایت میں اپوزیشن گروپ کے ٹھکانوں کو نشانہ بنارہا ہے۔

TOPPOPULARRECENT