Saturday , November 18 2017
Home / دنیا / شام میں فضائی کارروائی کیلئے امریکہ۔روس معاہدہ

شام میں فضائی کارروائی کیلئے امریکہ۔روس معاہدہ

واشنگٹن، 21 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) امریکہ اور روس کے حکام کے مطابق دونوں ممالک کے مابین شام کی فضائی حدود میں طیاروں کے اتفاقی ٹکراؤ سے بچاؤ کا معاہدہ طے پا گیا ہے۔ پنٹگان کے ترجمان پیٹر کک کا کہنا ہے کہ اس معاہدہ کا متن ماسکو کی درخواست پر خفیہ رکھا جائے گا، لیکن اس معاہدے کے مطابق دونوں جانب سے مواصلات اور زمین پر ایک ہاٹ لائن کے قیام کا طریقہ کار وضع کیا گیا ہے۔ پیٹر کک کے مطابق دونوں ممالک اپنے اہداف کے بارے میں انٹلیجنس معلومات کا تبادلہ نہیں کریں گے۔ ترجمان پنٹگان نے کہا کہ اس معاہدے کی رو سے دونوں ممالک کے طیارے ایک دوسرے سے ’محفوظ‘ حد تک فاصلے پر رہیں گے۔ تاہم انھوں نے اس امر کی تصدیق نہیں کی کہ متعین کردہ فاصلوں پر دونوں ممالک متفق ہیں یا نہیں۔ خیال رہے کہ گزشتہ ہفتے پنٹگان نے کہا کہ روس اور امریکی جنگی جہاز 10 سے 20 میل کے فاصلے تک قریب آگئے تھے۔ روسی نائب وزیر دفاع انگولی انتونوف نے کہا کہ یہ معاہدہ ’متعدد اصول و ضوابط پر مشتمل ہے جس کا مقصد امریکی اور روسی طیاروں کے درمیان واقعات کی روک تھام ہے‘۔ واضح رہے کہ مغربی ممالک اور شامی سرگرم کارکنان کا کہنا ہے کہ روسی جنگی جہاز شام میں شدت پسند تنظیم دولت اسلامیہ کے بجائے دیگر گروہوں کو نشانہ بنا رہے ہیں لیکن روس ان دعوؤں کے تردید کرتا ہے۔

TOPPOPULARRECENT