شام میں کیمیائی حملوں کا ذمہ دار ’روس ‘: وزیر خارجہ امریکہ ٹلرسن

پیرس۔24جنوری (سیاست ڈاٹ کام)وزیر خارجہ امریکہ ریکس ٹلرسن نے کہا ہے کہ شام میں حکومت کی جانب سے کیے جانے والی حالیہ کیمیائی حملوں کی ذمہ داری روس پر عائد ہوتی ہے کیونکہ وہ شام میں جاری خانہ جنگی کی حمایت کرتا ہے ۔فرانسیسی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق پیرس میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ جب سے روس شام کے معاملات میں شامل ہوا ہے ، چاہے کوئی بھی حملہ کرے روس مشرقی غوطہ میں متاثرین کی داد رسی کرتا ہے اور بے شمار شامیوں کو کیمیائی ہتھیار سے نشانہ بناتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ صرف کل کے حملے میں 20 شہری، جس میں زیادہ تر بچے شامل تھے کلورین گیس کے حملے سے متاثر ہوئے جبکہ مشرقی غوطہ میں حملے کے بعد وہاں کے متاثرین کا سانس لینا مشکل ہوگیا۔ان کا کہنا تھا کہ اس میں کوئی دو رائے نہیں کہ روس نے اپنے شامی اتحادیوں کی پشت پناہی کی ہے ، جو امریکہ کے ساتھ اس کے وعدے کی خلاف ورزی ہے ، لہٰذا سیکورٹی کونسل کے اجلاس میں ووٹ ڈالنے کے معاملے پر روس کو ویٹو کرنے سے روکنا ہوگا۔ان کی جانب سے اس طرح کا بیان اس وقت سامنے آیا جب 29 ممالک کے سفارت کار پیرس میں سر جوڑ کر بیٹھے ہیں کہ شام میں کیمیائی حملے کرنے والوں کے خلاف مجرمانہ کارروائیوں پر پابندی لگائی جائے ۔خیال رہے کہ روس اور چین نے اقوام متحدہ میں مغربی اتحادیوں کی اس کوشش کو روک دیا تھا، جس میں وہ ہتھیاروں کے استعمال پر دمشق پر پابندی عائد کرنا چاہتے تھے ۔تاہم گزشتہ روز کے اجلاس میں کیمیائی ہتھیاروں کا استعمال کرنے والے یا ان کی پشت پناہی کرنے والوں سے متعلق فہرست ترتیب کیلئے معمولات کا تبادلہ خیال کرنے والے ممالک کی حوصلہ افزائی کی گئی۔

TOPPOPULARRECENT