Tuesday , December 12 2017
Home / Top Stories / شام میں ہفتہ کے اختتام سے جنگ کا بھی اختتام

شام میں ہفتہ کے اختتام سے جنگ کا بھی اختتام

بیروت ۔ 23 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) امریکہ اور روس نے اعلان کیا ہے کہ شام میں جنگ بندی کا معاہدہ 27 فروری کی شب 12 بجے سے نافذ العمل ہوگا۔ دونوں ممالک کی جانب سے پیر کو جاری ہونے والے بیان کے مطابق اس جنگ بندی کا اطلاق دولتِ اسلامیہ اور القاعدہ سے منسلک النصرہ فرنٹ جیسی شدت پسند تنظیموں کے خلاف جاری کارروائیوں پر نہیں ہوگا۔ ادھر شام کی حکومت نے ملک میں 13 اپریل کو پارلیمانی انتخابات کے انعقاد کا اعلان بھی کر دیا ہے۔ شام میں چار سال کے لیے پارلیمان کا انتخاب کیا جاتا ہے اور ملک میں آخری بار 2012 میں پارلیمانی انتخابات منعقد ہوئے تھے۔ 12 فروری کو عالمی اور مشرقِ وسطی کی علاقائی طاقتوں کے درمیان اس بات پر اتفاق ہوا تھا کہ شام میں جاری لڑائی ایک ہفتے کے اندر روک دی جائے گی لیکن گذشتہ جمعہ کو وہ مدت گزر گئی تھی۔ شام میں تشدد کی لہر بھی نہیں رکی ہے اور اتوار کو حمص اور دمشق میں مختلف بم حملوں میں کم از کم 140 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ شام میں مارچ 2011 سے شروع ہونے والی لڑائی میں اب تک ڈھائی لاکھ سے زیادہ شامی شہری ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ بے گھر ہونے والوں کی تعداد تقریباً ایک کروڑ دس لاکھ ہے جن میں سے 40 لاکھ کو دوسرے ممالک میں پناہ لینا پڑی ہے۔ ان پناہ گزینوں میں وہ ہزاروں افراد بھی ہیں جنھوں نے جان پر کھیل کر یورپ کا رخ کیا ہے۔

امریکی صدر براک اوباما کے دفتر وائٹ ہاؤس کا کہنا ہے کہ روسی صدر ولادیمیر پوتن کی جانب سے صدر اوباما سے رابطے کی درخواست پر دونوں رہنماؤں نے ٹیلی فون پر بات کی جس میں شام میں جنگ بندی کے لیے کوششیں کرنے کا معاملہ زیرِ بحث آیا۔ اس فون کال کے بعد ہی روس اور امریکہ کی جانب سے جنگ بندی سے متعلق مشترکہ اعلان سامنے آیا ہے۔ اس مشترکہ بیان میں کہا گیا ہے کہ جنگ بندی کا اطلاق ’شام کے تنازع سے متعلق ان فریقین پر ہوگا جنھوں نے اس کی شرائط کو تسلیم کیا ہے اور اس پر عمل کرنے کا وعدہ کیا ہے۔‘ بیان کے مطابق ’دولتِ اسلامیہ، النصرہ اور اقوامِ متحدہ کی جانب سے دہشت گرد قرار دیے گئے دیگر گروپ اس کا حصہ نہیں۔‘ بیان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ان گروہوں کے خلاف شام، روس اور امریکی قیادت میں اتحاد کی فضائی کارروائیاں جاری رہیں گی۔ روس اور امریکہ کا کہنا ہے کہ شام میں جو حکومت مخالف مسلح گروپ اس جنگ بندی کا حصہ بننا چاہتے ہیں انھیں 26 فروری کی دوپہر تک اس کی تصدیق کرنا ہوگی۔بیان میں جنگ بندی کے معاہدے کے تحت رابطوں کے لیے ہاٹ لائن جبکہ جنگ بندی کی خلاف ورزیوں پر نظر رکھنے کے لیے ایک ورکنگ گروپ کے قیام کا ذکر بھی کیا گیا ہے۔

TOPPOPULARRECENT