Tuesday , January 16 2018
Home / Top Stories / شام میں یرغمال 16 عیسائی راہبات بازیاب

شام میں یرغمال 16 عیسائی راہبات بازیاب

دمشق حکومت اور باغیوں کے درمیان سمجھوتہ ، 150 محروس باغی خواتین رہا کی جائیں گی

دمشق حکومت اور باغیوں کے درمیان سمجھوتہ ، 150 محروس باغی خواتین رہا کی جائیں گی

دمشق ، 10 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) شام کے دارالحکومت دمشق کے شمال مغرب میں واقع معلولا شہر سے گزشتہ ڈسمبر میں ایک شدت پسند تنظیم کے ہاتھوں یرغمال بنائی گئی تیرہ عیسائی راہبات اور ان کی تین معاون خواتین کو بہ خیریت بازیاب کرا لیا گیا ہے۔ ’العربیہ ڈاٹ نیٹ‘ کے مطابق عیسائی راہبات کی رہائی قطر اور لبنان کی مشترکہ مساعی کا نتیجہ ہے۔ ان دونوں ملکوں کے توسط سے شدت پسند تنظیم کے ساتھ رابطے کئے گئے جس کے بعد مغویہ خواتین کی رہائی عمل میں آئی ہے۔ رہائی پانے والی خواتین کو شامی حکام کے حوالے کیا جا رہا ہے۔ دریں اثناء شامی آبزرویٹری برائے انسانی حقوق کے بیان میں کہا گیا ہے کہ عسکریت پسند گروپ کی جانب سے عیسائی راہبات کی رہائی کے بدلے شامی فوج کی تحویل سے 150 خواتین کی رہائی کا مطالبہ کیا گیا تھا۔ دمشق نے شدت پسندوں کا مطالبہ تسلیم کرتے ہوئے ڈیڑھ سو خواتین کی رہائی پرآمادگی ظاہر کی ہے،

جس کے بعد فریقین میں قیدیوں کے تبادلے کی معاملت ہوئی ہے۔ لبنان کے ڈائریکٹر جنرل انٹلیجنس میجر جنرل عباس ابراہیم نے میڈیا کو بتایا کہ عیسائی خواتین کی رہائی میں تاخیر کی بنیادی وجہ اغوا کاروں کی جانب سے لاپرواہی تھی۔ اغوا کار قیدیوں کے تبادلے کی معاملت سے فرار اختیار کر رہے تھے۔ انھوںنے کہا کہ یرغمال بنائی گئی تیرہ راہبات اور ان کے تین معاون خواتین بہ خیریت ہیں۔ قبل ازیں عینی شاہدین نے بتایا تھا کہ لبنان اور شام کے درمیان سرحدی علاقے ’عرسال‘ سے 30 کاروں کا ایک قافلہ شام میں داخل ہوا ہے جو عسکریت پسند گروپ کے ساتھ بات چیت کے ذریعہ عیسائی راہبات کو رہا کرانے کے بعد شامی حکام کے حوالے کرے گا۔ جنرل عباس نے بتایا کہ عیسائی راہبات کو رہا کرا لیا گیا ہے۔ تاہم انھیں شامی حکام کے حوالے کرنے میں کچھ وقت لگ سکتاہے کیونکہ ان کے راستے میں کچھ عملی مشکلات حائل ہیں۔ بعد ازاں لبنانی قافلہ عیسائی راہبات کو لے کر شامی شہر بیرود کی جانب روانہ ہوگیا تھا۔

TOPPOPULARRECENT