Friday , January 19 2018
Home / دنیا / شام: پانچ جوہری سائنسدان دوران سفر ہلاک

شام: پانچ جوہری سائنسدان دوران سفر ہلاک

دمشق، 10 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) شام میں انسانی حقوق کے حوالے سے سرگرم کارکنوں کے ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ نامعلوم مسلح افراد نے پانچ جوہری انجینئروں کو قتل کر دیا ہے۔ ان جوہری توانائی کے شعبے کے 5 انجینئروں کو اس وقت ہدف بنایا گیا جب یہ شام کے دارالحکومت دمشق کے شمال میں ایک بس پر سفر کر رہے تھے۔ بتایا گیا ہے کہ پانچوں انجینئر برازیخ کے نزدیک ایک سائنسی تحقیق کے مرکز سے منسلک تھے۔ شام میں انسانی حقوق کی مانیٹرنگ کیلئے قائم آبزرویٹری کے ڈائریکٹر رامی عبدالرحمان نے یہ بات ایک عالمی خبر رساں ادارہ کو بتائی ہے۔ اس آبزر ویٹری کے وابستہ کارکن اور رپوٹرر پورے شام میں پھیلے ہوئے ہیں۔ ابتدائی طور پر آبزرویٹری نے یہ نہیں بتایا کہ ان ہلاک کئے گئے پانچ جوہری سائنسدانوں کا کس ملک سے تعلق ہے۔ عبدالرحمان کے مطابق ابھی یہ بھی واضح نہیں ہو سکا کہ جس بس پر یہ سائنسدان سفر کر رہے تھے، اس بس کو بم سے اڑایا گیا ہے یا اسے فائرنگ کا نشانہ بنایا گیا ہے۔ پچھلے سال جولائی میں بھی اسی مرکز میں کام کرنے والے چھ افراد کو ایک مارٹر حملے میں ہلاک کر دیا گیا تھا۔ مئی 2013 ء میں دمشق کے نزدیک سائنسی تحقیق کے ایک مرکز پر اسرائیل نے بھی حملہ کیا تھا۔

TOPPOPULARRECENT