Monday , November 20 2017
Home / عرب دنیا / شام کے شہر حلب پر حملوں میں 11شہری ہلاک

شام کے شہر حلب پر حملوں میں 11شہری ہلاک

بیروت۔17اپریل ( سیاست ڈاٹ کام) کم از کم 11شہری شام کے دوسرے بڑے شہر حلب پر سرکاری فوج کے حملوں میں ہلاک ہوگئے ۔ شامی رصدگاہ برائے انسانی حقوق نے کہا کہ جنگ بندی کے نفاذ کے بعد ایک ہی دن میں ہلاک ہونے والوں کی یہ سب سے بڑی تعداد ہے ۔ تقریباً تمام مخالف پارٹیاں سرکاری فوج ‘ باغی ‘ جہادی اور کردوں نے اپنے اپنے علاقے جنگ زدہ شمالی صوبہ میں قائم کرلئے ہیں ۔ ادارہ کے بموجب 6شہری ہلاک اور 8زخمی ہوگئے جب کہ حلب کے باغیوں کے زیر قبضہ علاقوں پر سرکاری فوج نے فضائی حملے کئے ۔ اپوزیشن گروپس نے حکومت کے زیرقبضہ مغربی اضلاع پر راکٹ حملے کئے جس سے پانچ افراد ہلاک اور دیگر 20زخمی ہوگئے ۔ واضح طور پر تشدد میں اضافہ ہوگیا ہے ۔ ایک ہی دن میں حلب میں 11افراد کی ہلاکت اب تک کی سب سے بڑی تعداد ہے جبکہ حکومت اور غیر جہادی باغیوں کے درمیان جنگ بندی کا 27فبروری سے نفاذ ہوچکا ہے ۔ تشدد میں موجودہ اضافہ سے راست طور پر صلح کا معاہدہ خطرہ میں پڑگیا ہے جو روس اور امریکہ کی ثالثی سے طئے پایا تھا ۔ جنگ بندی اور دشمنیوں کے خاتمہ کے معاہدہ میں دولت اسلامیہ یا القاعدہ سے الحاق رکھنے والے مقامی شامی گروپس شامل نہیں ہیں ۔ صلح کا معاہدہ زیادہ تر شام کے اُن علاقوں میں نافذ کیا گیا ہے جہاں وقفہ وقفہ سے فریقین ایک دوسرے پر جنگ بندی کی خلاف ورزی کا الزام عائد کرتے ہیں لیکن حلب میں تشدد سے یہ اندیشے پیدا ہوگئے ہیںکہ جنگ بندی کا معاہدہ زیادہ دن قائم نہیں رہے گا کیونکہ باغی بھی جنگوں میں ملوث ہورہے ہیں ۔ جہادیوں نے باغی گروپس کے قبضہ سے حالیہ عرصہ میں مزید علاقے چھین لئے ہیں ۔

TOPPOPULARRECENT