Friday , February 23 2018
Home / شہر کی خبریں / شاپنگ مالس میں پارکنگ فیس کا مسئلہ

شاپنگ مالس میں پارکنگ فیس کا مسئلہ

حکومت قانونی پہلوؤں کا جائزہ لے رہی ہے۔ کے ٹی راماراؤ
حیدرآباد ۔14۔ نومبر (سیاست نیوز) وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی راما راؤ نے کہا کہ شاپنگ مالس میں پارکنگ فیس کی وصولی یا عدم وصولی کا کوئی قانون نہیں ہے ۔ حکومت اس مسئلہ کو باقاعدہ بنانے کیلئے قانونی پہلوؤں کا جائزہ لے رہی ہے۔ وقفہ سوالات کے دوران ایم ایس پربھاکر راؤ کے سوال پر کے ٹی آر نے بتایا کہ موجودہ ایکٹ اور رولس میں اس بات کا کوئی تذکرہ نہیں کہ شاپنگ مالس گاڑ یوں سے پارکنگ فیس وصول کریں یا نہ کریں۔ مختلف گوشوں سے اس سلسلہ میں حکومت کو نمائندگی کی گئی اور حکومت اس مسئلہ کا جائزہ لے رہی ہے ۔ شاپنگ مالس میں پارکنگ فیس کے مسئلہ میں یکسانیت پیدا کی جائے گی ۔ ایم ایس پربھاکر نے شکایت کی کہ ملٹی پلکس اور شاپنگ مالس میں من مانی پارکنگ فیس وصول کی جارہی ہے جو متوسط طبقات پر ایک بوجھ ہے۔ انہوں نے ملٹی پلکس اور شاپنگ مالس میں پارکنگ کو مفت فراہم کرنے کی تجویز پیش کی اور کہا کہ حکومت کو تمام شاپنگ مالس کیلئے کم از کم پارکنگ فیس یکساں طور پر طئے کرنی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ ملٹی پلکس میں فلم بینی کیلئے ایک متوسط خاندان کو کم از کم 2000 روپئے کا خرچ آرہاہے۔ حکومت کو پارکنگ فیس کے سلسلہ میں من مانی پر قابو پانا چاہئے ۔

 

TOPPOPULARRECENT