Saturday , September 22 2018
Home / شہر کی خبریں / شاہنواز قاسم آئی پی ایس وقف بورڈ کے نئے سی ای او ،منان فاروقی کی رخصت منظور ، بدعنوانیوں کے خاتمہ کیلئے حکومت کی مساعی

شاہنواز قاسم آئی پی ایس وقف بورڈ کے نئے سی ای او ،منان فاروقی کی رخصت منظور ، بدعنوانیوں کے خاتمہ کیلئے حکومت کی مساعی

حیدرآباد ۔ 2 ۔اپریل (سیاست نیوز) حکومت نے وقف بورڈ میں دھاندلیوں اور بے قاعدگیوں کے خاتمہ کیلئے آئی پی ایس عہدیدار شاہنواز قاسم کو چیف اگزیکیٹیو آفیسر مقرر کیا ہے۔ بورڈ کے سی ای او ایم اے منان فاروقی نے میڈیکل گراؤنڈ پر رخصت حاصل کرلی ہے۔ حکومت نے ایک ماہ کی رخصت کو منظوری دیتے ہوئے شاہنواز قاسم کو جو ڈائرکٹر اقلیتی بہبود کی حیثیت سے فرائض انجام دے رہے ہیں، سی ای او کی زائد ذمہ داری دی ہے۔ سکریٹری اقلیتی بہبود ایم دانا کشور نے آج جی او آر ٹی 82 جاری کیا ۔ واضح رہے کہ منان فاروقی نے طویل رخصت کی جو درخواست دی ہے ، حکومت نے ایک ماہ کی درخواست منظور کی۔ تاہم اس مدت کے دوران متبادل انتظام کے طور پر کسی اور عہدیدار کی نشاندہی کی جائے گی ۔ بتایا جاتا ہے کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ وقف بورڈ پر پولیس عہدیدار کے تقرر کے حق میں ہے تاکہ بے قاعدگیوں اور بدعنوانیوں کا خاتمہ کیا جاسکے۔ چیف منسٹر نے سی او کے تقرر کے سلسلے میں حکومت کے مشیر اے کے خاں اور سکریٹری اقلیتی بہبود دانا کشور سے مشاورت کی ۔ کے سی آر نے کہا جس طرح بورڈ کے صدر نشین دیانت داری کے ساتھ کام کررہے ہیں ۔ سی او کے عہدہ پر بھی وہ اسی طرح کے عہدیدار کی ضرورت ہے اور یہ کام صرف کوئی پولیس عہدیدار ہی کرسکتا ہے ۔ منان فاروقی ایک سال کے عرصہ تک سی ای او کے عہدہ پر فائز رہے اور اس مدت کے دوران وہ کئی تنازعات میں گھرے رہے ۔ ان سے جڑے بعض تنازعات کی تحقیقات پولیس کے ذریعہ اور بعض معاملات کی جانچ بورڈ کی اندرونی کمیٹی کے ذریعہ جاری ہے ۔ منان فاروقی نے طویل رخصت کی درخواست داخل کرنے کے بعد مقامی سیاسی جماعت کے قائدین سے ان کے دفتر پہنچ کر ملاقات کی تاکہ تنازعات سے بچنے کے لئے ان کی مدد حاصل کی جائے۔

TOPPOPULARRECENT