Saturday , November 18 2017
Home / شہر کی خبریں / شاہی مسجد باغ عامہ میں’مسلم پرسنل لاء و دستور ہند‘ پر 20 روزہ اورینٹیشن کورس

شاہی مسجد باغ عامہ میں’مسلم پرسنل لاء و دستور ہند‘ پر 20 روزہ اورینٹیشن کورس

حیدرآباد۔/4 نومبر (پریس نوٹ) مولانا احسن بن محمد الحمومی ریسرچ اسکالر و خطیب شاہی مسجد باغ عامہ نے کہا کہ مختلف شعبہ ہائے حیات سے تعلق رکھنے والے گوکہ اپنے اپنے میدانوں میں ماہر ہوتے ہیں مگر یہ محسوس کیا گیا ہے کہ دین اور دستور سے انہیں کماحقہ واقفیت نہیںہوتی ہے۔ ملک کے موجودہ حالات کے پیش نظر ہر شہری کو اپنے دین اور ملک کے دستور کے بنیادی پہلوؤں سے واقف ہونا ضروری ہے۔ ہمارا یہ مشاہدہ رہا ہے کہ طبقہ علماء اور دینی سرگرمیوں سے جڑے افراد دین سے متعلق تمام امور سے واقف ہوتے ہیں مگر انہیں ملکی قوانین ، دستورہند اورملک میں غالب سماجی و معاشی حالات سے واقفیت نہیں ہوتی ہے اسی طرح دیگر شعبوں سے تعلق رکھنے والے دین کے بنیادی نکات سے بھی واقف نہیں ہوتے ہیں۔ یہ بھی دیکھا گیا ہے کہ وکلاء برادری کو بھی شرعی سے متعلق بنیادی اور لطیف پہلوؤں کی جانکاری نہیں ہوتی جس کے باعث عدلیہ میں عائلی مسائل سے متعلق مقدمات کی پیروی میں شرعی پہلوؤں کو پیش نظر نہیں رکھا جانے لگا ہے اور نتیجہ میں ایسی صورتحال پیدا ہونے لگی ہے جس کی وجہ سے اسلام کے تعلق سے ابنائے وطن میں غلط فہمیاں پھیل رہی ہیں۔ ملک کے موجودہ حالات کو پیش نظر رکھتے ہوئے تنظیم فوکس کی جانب سے آئمہ و خطباء کرام، حفاظ قرآن، وکلاء برادری اور طلبہ کے لئے ایک 20 روزہ ’مسلم پرسنل لاء و دستو ر ہنداورینٹیشن‘ پروگرام کا اہتمام کیا گیا ہے ، جس کو مولانا مفتی محمد قاسم صدیقی تسخیر نائب مفتی جامعہ نظامیہ نے ڈیزائین کیا ہے۔اس پروگرام میں دلچسپی رکھنے والے دیگر حضرات بھی شرکت کرسکتے ہیں۔ پروگرام کے دوران شرکاء کے لئے روزانہ دو گھنٹے عائلی مسائل میں شرعی احکام، دستور کے بنیادی نکات، دیوانی نوعیت کے معاملات میںملکی قوانین کے مختلف پہلوؤں سے آگاہ اوردیگر سلگتے مسائل کا بھی احاطہ کیا جائے گا، خاص کر مسلمانوں کے عائلی مسائل جیسے نکاح، طلاق، خلع اور تنسیخ نکاح پر شرعی احکامات کے ساتھ ساتھ ملکی قوانین سے آگاہ کیا جائے گا۔ پروگرام میں شرکت کا ایک فائدہ یہ ہوگا کہ جہاں ہمیں عائلی مسائل میں اسلام کے احکام اور ملکی قوانین سے واقفیت حاصل ہوگی وہیں ہمیں کامیاب ازدواجی زندگی گذارنے کا سلیقہ بھی آجائے گا۔ مولانا احسن بن محمد الحمومی نے جن کی نگرانی میں یہ اورینٹیشن پروگرام چلایا جائے گا بتایا کہ ان کی نگرانی میں چلائے جانے والے اس پروگرام میں دستور و قانون کے ماہرین اور دیگر شعبہ ہا ئے حیات سے تعلق رکھنے والوں کی خدمات سے استفادہ کیا جائے گا۔ یہ پروگرام /10 تا /30 نومبر شاہی مسجد باغ عامہ میںشام 6 بجے تا8  بجے شب تک چلایا جائے گا۔ پروگرام میں شرکت کے خواہشمند 8نومبر سے قبل ناموں کے اندراج اور دیگر تفصیلا ت کے ساتھ شاہی مسجد باغ عامہ سے رجوع ہوں یا ٹیلی فون نمبرات 9989579472 یا 9948835280 پربھی ربط پیدا کریں۔

TOPPOPULARRECENT