Friday , September 21 2018
Home / سیاسیات / شاہ رخ خان نے مودی مخالف ٹوئیٹ کی تردید کی

شاہ رخ خان نے مودی مخالف ٹوئیٹ کی تردید کی

ممبئی۔/20مئی، ( سیاست ڈاٹ کام) بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان نے آج ان دعوؤں کو غلط کہا جہاں یہ کہا جارہا ہے کہ انہوں نے نریندر مودی کے خلاف اپنے ٹوئیٹر پر بیان دیا ہے۔ سوشیل میڈیا پر آج کی اس بات کے بڑے چرچے ہیں کہ 48سالہ شاہ رخ خان نے ٹوئیٹ کرتے ہوئے تحریر کیا تھا کہ جس دن نریندر مودی ملک کے وزیر اعظم بنیں گے وہ ( شاہ رخ ) ہندوستان چھوڑ کر چلے جائیں گے۔ شاہ رخ نے اس سلسلہ میں غلط فہمی دور کرنے کے لئے مائیکرو بلاکنگ کا سہارا لیا اور کہا کہ ایسے ٹوئیٹ کو ان کے نام سے جوڑا جارہا ہے

جو انہوں نے کیا ہی نہیں۔ 16مئی کو شاہ رخ نے ٹوئیٹ کیا تھا کہ عوام نے انتخابات کے ذریعہ زبردست فیصلہ کیا ہے جس سے ایک بار پھر یہ ثابت ہوجاتا ہے کہ دنیا میں مستقل چیزصرف ایک ہی ہے اور وہ ہے ’’ تبدیلی‘‘ لہذا اب مستحکم اعتماد کے ساتھ آگے بڑھنا ہے۔قصہ دراصل یہ ہے کہ یہ اُلجھن اُسوقت پیدا ہوئی جب ٹی وی ایکٹر کمال آر خان نے جو اپنے نام کے صرف تین حروف تہجی استعمال کرتے ہیں یعنی کے آر کے اور اسی نام سے انہوں نے ٹوئیٹ کیا تھا کہ وہ مودی کی جیت کے بعد ہندوستان چھوڑ کر جارہے ہیں جیسا کہ انہوں نے وعدہ کیا تھا۔ میں نہیں جانتا کہ ایس آر کے ( شاہ رخ ) اور دیگر اپنا وعدہ نبھائیں گے یا نہیں لیکن میں تو نبھارہا ہوں۔ یاد رہے کہ کمال خان ’’ بگ باس ‘‘ کے سابق شرکاء میں سے ایک ہیں۔

TOPPOPULARRECENT