Friday , November 24 2017
Home / Top Stories / شب برأت کا خشوع و خضوع کے ساتھ اہتمام

شب برأت کا خشوع و خضوع کے ساتھ اہتمام

عبادات و اذکار اور خصوصی دعائیں ، مختلف مقامات پر جلسوں کا انعقاد
حیدرآباد۔ 22 مئی (سیاست نیوز) شہر حیدرآباد و ریاست تلنگانہ کے مختلف اضلاع میں آج شب ِبرأت کا خشوع و خضوع کے ساتھ اہتمام عمل میں آیا۔ شب ِبرأت کے موقع پر شہر کی مساجد کے علاوہ مرکزی مقامات پر جلسہ فضائل شب برأت کا انعقاد عمل میں عمل میں آیا۔ تاریخی مکہ مسجد کے عمل شاہی مسجد باغ عامہ میں بھی جلسہ فضائل شب برأت کا اہتمام کیا گیا۔ مکہ مسجد میں مولانا مفتی محمد قاسم صدیقی تسخیر نے فضائل شب برأت بیان کئے۔ شاہی مسجد باغ عامہ میں مولانا حافظ محسن بن محمد الحمومی نے فضائل شب برأت پر خصوصی خطاب کیا۔ میلاد میدان خلوت مبارک میں کل ہند مرکزی میلاد کمیٹی کی طرف سے جلسہ شب برأت کا اہتمام کیا گیا۔ جامع مسجد چوک و جامع مسجد دارالشفاء میں عمارات ملت اسلامیہ کے زیراہتمام مرکزی جلسہ شب برأت کا اہتمام عمل میں آیا۔ ان جلسوں سے مولانا محمد حسام الدین ثانی المعروف جعفر پاشاہ قبلہ نے فضائل شب برأت بیان کئے۔ میلاد میدان میں منعقدہ جلسہ عام سے علامہ سید محمد تنویر ہاشمی اور مولانا محمد عمر نورانی کے علاوہ مقامی مقررین نے خطاب کیا۔ کل ہند مرکزی رحمت عالم کمیٹی کی جانب سے چنچل گوڑہ جونیر کالج گراؤنڈ میں منعقدہ مرکزی جلسہ شب برأت سے مولانا مفتی محمد شاکرالقادری، مولانا محمد صغیر رضا قادری، مولانا محمد جمیل قادری نے مخاطب کیا۔ کل ہند بزم رحمت عالم کی جانب سے قلی قطب شاہ اسٹیڈیم میں جلسہ عام کا انعقاد عمل میں لایا گیا جس سے مولانا مفتی محمد شہزور عالم اکرمی نے مخاطب کیا۔ دونوں شہروں کے مختلف مقامات پر شب برأت کے موقع پر اجتماعی دعائے نصف شعبان کا اہتمام کیا گیا تھا۔ علماء نے جلسہ ہائے شب برأت سے خطاب کے دوران امت مسلمہ کو اللہ کے حضور رجوع ہوتے ہوئے اپنے گناہوں سے معافی مانگنے کی تلقین کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے شعبان المعظم میں اس رات کے ذریعہ امت کو بخشش عطا کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ان جلسہ ہائے شب برأت کے موقع پر علمائے کرام نے نوجوانوں کو مشورہ دیا کہ وہ ماہ رمضان المبارک کا خصوصی اہتمام کریں۔ رمضان المبارک کو اللہ رب العزت نے امت محمدیہؐ  کیلئے تحفہ دیا ہے ، اس ماہ مبارک کے دوران اللہ کی رحمتوں ، برکتوں و مغفرت کے حصول کیلئے ہمیں تیاری کرنی چاہئے۔ نبی کریم ؐ کی تعلیمات امت مسلمہ کیلئے مشعل راہ ہے جن پر عمل کے ذریعہ ہی نجات حاصل کی جاسکتی ہے ۔ تعلیمات مصطفی  ؐ سے پہلوتہی کرنا خود کو تباہی کے راستے پر ڈالنا ہے۔

TOPPOPULARRECENT