شتروگھن سنہا نے شیکھر سمن کی والدہ سے آشیرواد لیا

پٹنہ ۔ 14 ۔ اپریل (سیاست ڈاٹ کام) ’’بہاری بابو‘’ شتروگھن سنہا نے اپنے ہی ایک ہم وطن یعنی اداکار شیکھر سمن سے اپنی پرانی سیاسی مخاصمت کو بالائے طاق رکھتے ہوئے شیکھر سمن کی والدہ سے ملاقات کرتے ہوئے ان کا آشیرواد حاصل کیا ۔ راجندر نگر میں واقع سمن کی والدہ 80 سالہ اوشا پرساد کی سالگرہ کے موقع پر شتروگھن سنہا ان کے مکان پہنچے اور امیتابھ بچن کی فلم دیوار کا ڈائیلاگ دہرایا اور کہا کہ ’’میرے پاس ماں نہیں ہے‘‘ لہذا میں آپ کے پاس آشیرواد لینے آیا ہوں۔ شتروگھن سنہا نے کہا کہ شیکھر سمن کے خاندان سے ان کے دیرینہ خوشگوار تعلقات رہے ہیں۔ یاد رہے کہ 2009 ء میں پٹنہ صاحب حلقہ سے شتروگھن سنہا کے خلاف شیکھر سمن کو کامیابی نہیں ملی تھی جس کے بعد دونوں کے تعلقات میں دراڑ پڑ گئی تھی ۔ شیکھر سمن نے بھی میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ ہماری شخصی لڑ ائی نہیں تھی بلکہ بی جے پی کے خلاف لڑائی تھی لیکن بعد میں مجھے شتروگھن سنہا کے خلاف انتخابات لڑنے کی غلطی کا احساس ہوا تھا ۔

TOPPOPULARRECENT