Saturday , June 23 2018
Home / سیاسیات / شرد یادو کی چیف منسٹر مانجھی کیساتھ میٹنگ

شرد یادو کی چیف منسٹر مانجھی کیساتھ میٹنگ

پٹنہ 5 فروری (سیاست ڈاٹ کام) چیف منسٹر بہار جتن رام مانجھی پر مستعفی ہوجانے اور نتیش کمار کے لئے راہ ہموار کرنے کیلئے بڑھتے دباؤ کی قیاس آرائیوں کے درمیان صدر جے ڈی (یو) شرد یادو نے مانجھی کے ساتھ کل رات بند کمرے میں میٹنگ منعقد کی، جے ڈی (یو) کے ذرائع نے آج یہ بات کہی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ دہلی چناؤ کے بعد اور بہار اسمبلی کے بجٹ سیشن کی 20 فروری کو شروعات کے موقع پر قیادت میں تبدیلی ہوسکتی ہے۔ مانجھی قبل ازیں جے ڈی یو پارلیمنٹرینس کی میٹنگ میں شریک نہیں ہوئے تھے۔ وہ کل رات یہاں ایک ہوٹل میں شرد یادو سے ملاقات کے لئے گئے جہاں صدر پارٹی مقیم ہیں اور دونوں قائدین نے نصف گھنٹہ بند دروازوں میں بات چیت کی۔ مانجھی نے گیا (ایس سی نشست) سے چناؤ لڑا تھا لیکن کامیاب نہیں ہوئے۔ اِس دوران شردیادو آج صبح نتیش کمار کی قیامگاہ گئے جہاں جے ڈی (یو) میناریٹی سل کا ٹریننگ پروگرام جاری ہے۔

چیف منسٹر ناگا لینڈ عددی طاقت کی آزمائش میں کامیاب
کوہیما 5 فروری (سیاست ڈاٹ کام) چیف منسٹر ناگالینڈ ٹی آر زیلیانگ نے آج عددی طاقت کی آزمائش میں کامیابی حاصل کرلی جبکہ اسمبلی کے ایک روزہ خصوصی اجلاس میں 60 رکنی ایوان میں 59 ایم ایل ایز نے اُن کے حق میں ووٹ ڈالا۔ اسمبلی کا یہ سیشن گورنر پی بی آچاریہ نے طلب کیا تھا تاکہ برسر اقتدار ناگا پیپلز فرنٹ میں داخلی خلفشار کا خاتمہ کیا جاسکے۔ کیونکہ اِس پارٹی کے 38 کے منجملہ 22 لیجسلیٹرس نے زیلیانگ کی قیادت کے خلاف 5 جنوری کو کھلے عام بغاوت کردی تھی۔

TOPPOPULARRECENT