Wednesday , December 13 2017
Home / کھیل کی خبریں / شرمناک شکست،شاستری کیوریٹر پر برہم

شرمناک شکست،شاستری کیوریٹر پر برہم

ممبئی27 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے ڈائریکٹر روی شاستری جنوبی افریقہ کیخلاف پانچویں ونڈے میں شکست پر ممبئی گراؤنڈ کے کیوریٹر سدھیر نائیک پر برہم ہوئے۔ ہندوستانی میڈیا کے مطابق روی شاستری نے ممبئی کے وانکھڈے گراؤنڈ کی آسان وکٹ بنانے پر کیوریٹر سدھیرنائیک کو نازیبا کلمات سنادئے۔ روی شاستری نے کہا کہ پچ پر ہندوستانی اسپنرز کیلئے کوئی مدد موجود نہیں تھی جس پر وہ گراؤنڈ کے کیوریٹر پر سخت برہم ہوئے۔ ممبئی میں کھیلے گئے میچ میں جنوبی افریقہ نے ہندوستانی بولرز کی درگت بناتے ہوئے 438 رنز بنائے اور جس کے جواب میں ہندوستانی ٹیم صرف 224 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی تھی۔ میچ میں جنوبی افریقہ کے تین بیٹسمینوں نے سنچری بنائی تھی جبکہ بھونیشور کمار نے اپنے مقررہ دس اووروں میں 106 رنز دئے ہیں۔ دوسری جانب بی سی سی آئی سیکرٹری انوراگ ٹھاکر نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے کہا کہ معاملے پر اسی ضابطے کی پیروی کی جائے جیسی ویراٹ کوہلی کے معاملے پر کی گئی تھی جب انہوں نے ورلڈ کپ کے دوران ایک صحافی سے بدتمیزی کی تھی۔

خیال رہے کہ کوہلی رواں سال تین مارچ کو کوہلی نے ایک اخبار کے صحافی پر اپنے اور انوشکا شرما سے متعلق ایک مضمون کے باعث برس پڑے تھے۔ تاہم جب یہ بات سامنے آئی کہ مذکورہ مضمون اس صحافی نے نہیں لکھا تھا تو کوہلی نے ان سے ایک دوسرے صحافی کے ذریعہ معذرت کی۔ اس واقعہ پر میڈیا میں سخت ردعمل سامنے آیا تھا جس کے بعد بی سی سی آئی کو بھی ایکشن میں آنا پڑا۔ دریں اثناء کیوریٹر نے روی شاستری کی اس برہمی پر ناراضگی کا ا ظہار کرنے کے علاوہ ان پر جوابی تنقید کی ہے ۔ کیوریٹر نے اپنے جوابی بیان میں کہا ہے کہ اس وکٹ پر ہندوستانی بولروں کا ایک خراب دن تھا جس کی وجہ سے حریف ٹیم نے ہمالیائی اسکور کھڑا کیا جبکہ جوابی اننگز میں جنوبی افریقی بولروں نے صحیح مقامات پر گیندیں ڈالتے ہوئے اپنی رفتار سے بھی میزبان بیٹسمینوں کو پریشان کرتے رہے ۔

TOPPOPULARRECENT