Monday , December 18 2017
Home / Top Stories / شرپسندوں کی سازش ناکام بنانے والے طالب علم افضل کو انعام

شرپسندوں کی سازش ناکام بنانے والے طالب علم افضل کو انعام

مدرسہ کے کولرس میں زہر ملانے کے سیاسی مقاصد نہیں : سلمیٰ انصاری
علیگڑھ۔20ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) گذشتہ دنوں 2 نامعلوم افراد کے ذریعہ چاچانہرو مدرسہ کے پانی میں زہریلا مادہ ملانے کا معاملہ پیش آنے کے بعد آج سابق صدرجمہوریہ حامدانصاری کی اہلیہ سلمیٰ انصاری نے مدرسہ کا دورہ کیا۔ انہوں نے مدرسہ کے طلباء اور اساتذہ سے تفصیلی ملاقات کی اور خصوصاً محمد افضل کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اگر اس نے شرپسندوں کے ذریعہ پانی میں زہریلا مادہ (چوہا مار دوا) ملانے کی خبر وارڈن کو نہیں دی ہوتی تو ایک بڑا حادثہ پیش آ سکتا تھا۔ افضل کی بہادری کی تعریف کرتے ہوئے انہوں نے آئندہ 2 اکٹوبر کو ایک تقریب کے دوران اسے انعام دینے کا بھی اعلان کیا۔ اپنے دورہ کے دوران نامہ نگاروں سے خطاب کرتے ہوئے سلمیٰ انصاری نے کہاکہ ’’یقین نہیں آتا کہ کسی کو معصوم بچوں سے بھی دشمنی ہوسکتی ہے۔ اللہ کا شکر ہیکہ ایک خوفناک سازش محمد افضل کی وجہ سے ناکام ہوگئی اور یقینا یہ طالب علم اپنی بہادری کیلئے انعام کا حقدار ہے‘‘۔ اس موقع پر مدرسہ کی پرنسپل صہباسلیم نے سلمیٰ انصاری کو معاملے کی تفصیلات سے آگاہ کیا اور پولیس کے ذریعہ کی جارہی تفتیش کے متعلق بھی بتایا۔ سلمیٰ انصاری نے طالب علموں سے بات چیت کے دوران کہا کہ وہ کسی بھی انجان شخص کو مدرسہ احاطہ میں دیکھیں تو وارڈن کو اس کی اطلاع دیں اور خود احتیاط برتیں۔ انہوں نے کہا کہ حفاظتی نقطہ نظر سے جلد ہی سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے جائیں گے۔ سابق نائب صدرجمہوریہ محمد حامد انصاری کی شریک حیات سلمیٰ انصاری نے آج مدرسہ کے واٹر کولرس میں زہر ملانے کے واقعہ کے پس پردہ ’’سیاسی مقصد‘‘ ہونے کے الزام کو مسترد کردیا۔ یہ مدرسہ سلمیٰ انصاری کے زیرانتظام ہے۔ انہوں نے کل شام ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ان کے خیال میں کوئی سیاسی گروپ اس سطح تک نیچے نہیں گر سکتا کہ واٹر کولرس میں زہر ملائے۔ ہفتہ کے دن آٹھویں جماعت کے ایک چوکس طالب علم نے جو چاچانہرو مدرسہ میں زیرتعلیم تھا، ایک بڑے سانحہ کو ٹال دیا تھا اور پرنسپل کو اطلاع دی تھی کہ مبینہ طور پر اسکول کے واٹرکولر میں نامعلوم افراد نے چوہے مار زہر ملادیا ہے۔

TOPPOPULARRECENT