ششا نک منوہر آئی سی سی کے دوبارہ چیئرمین منتخب

دبئی۔16 مئی (سیاست ڈاٹ کام) بی سی سی آئی کے سابق سربراہ ششانک منوہر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے دوبارہ بلامقابلہ آزاد چیئرمین منتخب ہو گئے اور وہ 2سال تک اپنی ذمے داریاں انجام دیتے رہیں گے۔ششانک منوہر 2016 میں آئی سی سی کے پہلے آزاد چیئرمین منتخب ہوئے تھے اور اب وہ مزید دو برس تک ذمے داریاں جاری رکھیں گے۔منوہر نے گزشتہ 2 سالہ دور کے دوران بگ تھری کے خاتمے سمیت کرکٹ کے کھیل میں اہم اصلاحات کیں جبکہ اس کے علاوہ انہی کے دور میں آئی سی سی کی پہلی خاتون ڈائریکٹر کا تقرر بھی ہوا ہے۔انہوں نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے ڈھانچے میں مثبت تبدیلیاں کیں جس سے زیادہ سے زیادہ ممالک کو آئی سی سی کا رکن بننے کا موقع ملے گا۔منوہر نے اپنے بیان میں کہا کہ آئی سی سی کا دوبارہ چیئرمین منتخب ہونا میرے لیے باعث اعزاز ہے، میں تمام ڈائریکٹرز کا مشکور ہوں اور امید کرتا ہوں کہ وہ مستقبل میں بھی میرے ساتھ تعاون جاری رکھیں گے۔انہوں نے کہا کہ میں نے 2016 میں چیئرمین منتخب ہونے پر جو وعدے کیے تھے وہ پورے کیے اور اب اگلے دو برس کے دوران بھی پوری دنیا میں کرکٹ کھیل کے فروغ کیلئے اہم اقدامات کروں گا۔

TOPPOPULARRECENT