Thursday , November 15 2018
Home / ہندوستان / ششی کلا کے شوہر کا انتقال، آخری رسومات کیلئے پیرول پر رہائی

ششی کلا کے شوہر کا انتقال، آخری رسومات کیلئے پیرول پر رہائی

چینائی ؍ بنگلور 20 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) غیر متناسب اثاثوں اور دیگر کئی الزامات کے تحت جیل میں قید انا ڈی ایم کے لیڈر وی کے ششی کلا کے شوہر ایم نٹراجن کا آج چینائی کے ایک کارپوریٹ ہاسپٹل میں انتقال ہوگیا۔ 74 سالہ نٹراجن کو سینہ کے امراض کے علاج کے لئے ہفتہ کو دواخانہ میں شریک کیا گیا تھا جہاں آج صبح کی اولین ساعتوں میں اُنھوں نے آخری سانس لی۔ گلن ایگلس گلوبل ہیلت سٹی کے چیف آپریٹنگ آفیسر شانمگا پرتین نے کہاکہ ’’ہم شدید رنج و غم کے ساتھ اعلان کرتے ہیں کہ نٹراجن مارتھپّو کا آج رات 1.35 انتقال ہوگیا‘‘۔ ہرتین نے اپنے صحافتی بیان میں کہاکہ ’’اُنھیں بچانے کے لئے ممکنہ کوشش کی گئی تاہم ہماری ممکنہ بہترین مساعی کے باوجود اُنھیں بحال نہیں کیا جاسکا‘‘۔ ٹاملناڈو کی سابق چیف منسٹر آنجہانی جیہ للیتا کی سہیلی ششی کلا اپنے شوہر کی آخری رسومات میں شرکت کے لئے بنگلور جیل سے پرول کی درخواست داخل کی تھیں۔ جنھیں 15 دن کی پرول منظور کی گئی ہے جس کے ساتھ ہی وہ بنگلور سے ٹاملناڈو کے ضلع تھنجاوور روانہ ہوگئیں جہاں ان کے شوہر کی آخری رسومات مقرر ہیں۔ رہائی کی شرط کے مطابق وہ تھنجاوور کے حدود سے باہر نہیں نکل سکیں گی۔ اپوزیشن ڈی ایم کے کے کارگذار صدر ایم کے اسٹالن، ایم ڈی ایم کے کے بانی وائیکو اور دیگر قائدین نے دراویڈی تحریک کے لئے ان کی خدمات کو خراج عقیدت ادا کیا اور کہاکہ اُنھوں نے ٹامل زبان کے فروغ اور سری لنکا کے ٹامل شہریوں کی فلاح و بہبود کے لئے اہم خدمات انجام دی تھیں۔

پیریار کے مجسمہ کی بیحرمتی ، راہول ، ڈی ایم کے اور رجنی کی مذمت
پروکوٹائی (ٹاملناڈو)۔ 20 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) سماجی مسلح اور دراویڑی تحریک کی افسانوی شخصیت ای وی راماسوامی جنہیں عوام میں پیریار کے نام سے پکارا جاتا ہے ان کے مجسمہ کو ایک قریبی دیہات میں توڑپھوڑ کرکے نقصان پہنچایا گیا۔ یہ اسی طرح کے توڑپھوڑ کے سلسلے کا تازہ ترین واقعہ ہے۔ مجسمہ کا سر توڑا ہوا اور چوراہے پر رکھا ہوا دستیاب ہوا۔ صدر کانگریس راہول گاندھی ، ڈی ایم کے پارٹی اور اداکار سے سیاست داں بننے والے رجنی کانت نے اس واقعہ کی مذمت کی۔ اسٹالن نے الزام عائد کیا کہ حکومت خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔ وہ ڈی ایم کے پارٹی کے کارگذار صدر ہیں۔ راہول گاندھی نے اپنے ٹوئیٹر پر الزام عائد کیا کہ آر ایس ایس اور بی جے پی اشرار کی حوصلہ افزائی کررہے ہیں۔

Top Stories

TOPPOPULARRECENT