Tuesday , June 19 2018
Home / کھیل کی خبریں / شعیب اور محمد حفیظ کے مستقبل کا فیصلہ کیا جائے: یوسف

شعیب اور محمد حفیظ کے مستقبل کا فیصلہ کیا جائے: یوسف

 

کراچی ۔23 جنوری(سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور ماضی کے عظیم بیٹسمین محمد یوسف نے نیوزی لینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز اور ٹی 20میچ میں پاکستانی ٹیم کی شرمناک کارکردگی کی وجہ بیٹنگ کی کمزور تکنیک کو قرار دیا ہے اور کپتان سرفراز احمد کو اور کوچ مکی آرتھر کو مشورہ دیا ہے کہ وہ تجربہ کار بیٹسمینوں شعیب ملک اور محمد حفیظ کے مستقبل کا فیصلہ کریں۔ ماضی میں بھی دونوں بیٹسمین ایشیائی وکٹوں کے علاوہ ویسٹ انڈیز میں رنز بناتے رہے ہیں لیکن آسٹریلیا، نیوزی لینڈ، انگلینڈ اور جنوبی افریقہ میں ان کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔ محمد یوسف نے کہا ہے کہ شعیب ملک اور محمد حفیظ کو سبکدوشی کا مشورہ نہیں دوں گا۔ انہوں نے کہا کہ ونڈے سیریز میں وکٹیں ایشیائی پچوں کی طرح تھیں تاہم پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ کی وکٹ مشکل تھی۔ جس قسم کی وکٹیں ونڈے میچوں میں تھیں اگر تکنیک خراب نہیں ہوتی تو کوئی وجہ نہیں تھی کہ پاکستانی بیٹسمین بڑا اسکور کرتے۔ انہوں نے کہا کہ اوپنر فخر زمان کی تکنیک بھی زیادہ اچھی نہیں ہے لیکن وہ دلیر بیٹسمین ہیں اور اپنے بڑے دل کی وجہ سے اسکور کر لیتے ہیں لیکن فخر کی تکنیک پر بھی کام ہونا چاہیے۔ واضح رہے کہ نیوزی لینڈ کے خلاف ونڈے سیریز میں محمد حفیظ نے پانچ میچوں میں 29.60کی اوسط سے148رنز بنائے۔وہ پہلے ٹی ٹوئنٹی میں ٹیم کا حصہ نہیں تھے۔ شعیب ملک نے ان فٹ ہونے کی وجہ سے چار ون ڈے میچوں میں شرکت کی انہوں نے 49، کپتان سرفراز احمد نے پانچ میچوں میں79، بابر اعظم نے پانچ میچوں میں31 اور اظہر علی نے تین میچوں میں31 رنز اسکور کئے۔ محمد یوسف نے کہا کہ اگر نوجوان بیٹسمینوں کو موقع دینا ہے تو ضرور دیا جائے لیکن سینئر بیٹسمینوں کو نئی گیند پر اوپر بھیجا جائے۔ سرفراز احمد نے ونڈے سیریز میں کافی غلطیاں کیں۔ انہیں چاہیے کہ وہ ساتویں نمبر کے بجائے اوپر کے نمبروں پر آئیں، نچلے نمبروں پر تو شاداب خان اور حسن علی بھی نصف سنچریاں بنا رہے ہیں۔ کپتان کو فرنٹ سے لیڈ کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی بولنگ نے بھی سیریز میں اچھی کارکردگی نہیں دکھائی۔

TOPPOPULARRECENT