Sunday , April 22 2018
Home / کھیل کی خبریں / شعیب ملک، ٹوئنٹی20 سیریز سے باہر

شعیب ملک، ٹوئنٹی20 سیریز سے باہر

ویلنگٹن۔21 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) پاکستانی کرکٹ ٹیم کے تجربہ کار آل راؤنڈر شعیب ملک زخمی ہونے کے باعث نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز سے باہر ہوگئے ہیں جبکہ ٹیم انتظامیہ نے ان کے متبادل کے طور پر کسی کو شامل نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ٹیم کے منیجر طلعت علی، ہیڈ کوچ مکی آرتھر اور کپتان سرفراز احمد پر مشتمل پاکستان ٹور منیجمنٹ کمیٹی نے 22 جنوری کو شروع ہونے والی سیریز کے لیے شعیب ملک کی شمولیت کے حوالے سے ٹیم کے فزیو تھراپست سنگھ سے مشاورت کے بعد حتمی فیصلہ کر لیا۔کمیٹی نے نیوزی لینڈ میں شعیب ملک کے معائنہ کے بعد اعلیٰ طبی ماہرین کے مشورے کے بعد انھیں پاکستان واپس بھیجنے کا فیصلہ کیا تا کہ وہ آرام کرکے مکمل صحت یاب ہوسکیں۔پاکستان ٹیم کے فزیو تھراپسٹ سنگھ نے کہا کہ شعیب ملک ہملٹن ونڈے کے دوران گیند سر پر لگنے سے زخمی ہوئے تاہم وہ صحت یاب ہورہے ہیں اور روزانہ بہتر سے بہتر ہورہے ہیں۔ٹیم میں شمولیت کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ‘انھیں صحت یابی کے لیے سات سے دس دن کے آرام کی ضرورت ہے اور اس فیصلے کا مقصد انھیں صحت یابی کے لیے بہترین موقع دینا ہے تاکہ وہ گھر میں آرام دہ ماحول میں بہتر ہوں۔ٹورمنیجمنٹ کمیٹی نے اجلاس کے دوران فیصلہ کیا کہ ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے شعیب ملک کے متبادل کے طور پر کسی کو نہ بلایا جائے گا۔یاد رہے کہ شعیب ملک نیوزی لینڈ کے خلاف چوتھے ون ڈے کے دوران سر پر گیند لگنے سے زخمی ہوگئے تھے اور انہیں اس وقت آنکھوں میں اندھیرا اور چکر آنے کی شکایت ہے۔

TOPPOPULARRECENT