Monday , April 23 2018
Home / کھیل کی خبریں / شعیب ملک سر پر گیند لگنے سے زخمی، آخری ونڈے میں شرکت غیریقینی

شعیب ملک سر پر گیند لگنے سے زخمی، آخری ونڈے میں شرکت غیریقینی

ہملٹن۔16 جنوری (سیاست ڈاٹ کام )پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان چوتھے ونڈے میں بیٹنگ کے دوران سر پر گیند لگنے کے سبب شعیب ملک زخمی ہوگئے۔چوتھے ون ڈے میں حارث سہیل کے آؤٹ ہونے کے بعد شعیب ملک کی میدان میں آمد ہوئی لیکن اگلے ہی اوور میں سر پر گیند لگنے کے سبب وہ زمین پر گر گئے۔مچل سینٹنر کی گیند پر انہوں نے رن لینے کی کوشش کی لیکن محمد حفیظ نے دلچسپی ظاہر نہ کی اور انہیں واپس کریز میں جانے کا اشارہ کیا جبکہ اس دوران نیوزی لینڈ کے کولن منرو نے کور سے آکر گیند وکٹ کیپر کی جانب پھینکی جو سیدھی شعیب کے سر پر لگی جو اس وقت بغیر ہیلمٹ کے بیٹنگ کر رہے تھے۔واضح رہے کہ گیند شعیب ملک کے سر پر لگنے کے بعد باؤنڈری پار کر گئی جس سے تھرو کی شدت کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔گیند لگنے کے بعد شعیب ملک زمین پر گرگئے اور انہیں فوری طبی امداد کی ضرورت محسوس ہوئی لیکن وہ جلد ہی بیٹنگ کیلئے تیار ہو گئے اور اگلے ہی اوور میں بڑا شاٹ کھیلنے کی کوشش میں باؤنڈری پر کیچ ہوئے، انہوں نے چھ رنز بنائے۔پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے شعیب ملک کے زخم کے حوالے سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پویلین لوٹنے کے بعد شعیب ملک کی زخم کا دوبارہ جائزہ لیا گیا اور ان میں چوٹ کے کچھ آثار نظر آئے۔ ٹیم کے فزیو تھراپسٹ وی پی سنگھ کے مطابق شعیب ملک ابھی ٹھیک ہیں اور آرام کر رہے ہیں لیکن زخم کے سبب سیریز کے پانچویں ون ڈے میچ میں شرکت بھی غیر یقینی نظر آتی ہے تاہم ٹیم مینجمنٹ حتمی فیصلہ میچ سے قبل کرے گی۔

TOPPOPULARRECENT