Saturday , November 18 2017
Home / کھیل کی خبریں / شعیب ملک کراچی کنگس کی کپتانی سے دستبردار

شعیب ملک کراچی کنگس کی کپتانی سے دستبردار

دبئی۔20 فروری (سیاست ڈاٹ کام )کراچی کنگس کے کپتان شعیب ملک نے ٹیم کی کپتانی سے دستبرداری کا اعلان کرتے ہوئے روی بوپارا کو ٹیم کی قیادت کیلئے نامزد کردیا۔ انہوں نے یہ اعلان ایک پریس کانفرنس کے دوران کیا جہاں انہوں نے کہا کہ کپتانی کے باعث وہ اپنی انفرادی کارکردگی پر توجہ نہیں دے پارہے ہیں۔ انہوں نے انتظامیہ سے اسلام آباد کے خلاف پلے آف میچ میں کھلاڑی کی حیثیت سے کھیلنے کی درخواست کی اور کہا کہ وہ اپنی کارکردگی کے ذریعہ ٹیم کو فتح دلوانا چاہتے ہیں۔ اس موقع پر انہوں نے ٹیم کے سینئر کھلاڑی روی بوپارا کو کپتانی کیلئے نامزد کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک بہترین کھلاڑی ہیں جو کراچی کنگس کو فتح دلا سکتے ہیں۔کراچی کنگس کی کارکردگی پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کئی مقابلے سنسی خیز تھے اور ہم جیت کے قریب پہنچ کر میچ ہارے۔بوپارا پی ایس ایل میں اب تک کھیلے گئے میچز میں سب سے زیادہ وکٹیں اور رنز بنانے والے کھلاڑیوں کی فہرست میں دوسرے نمبر پر ہیں۔ انہوں نے 8 میچوں میں 58.40 رنز کی اوسط سے ٹورنمنٹ میں 292 رنز بنائے ہیں جبکہ وہ گیارہ بیٹسمینوں کو پویلین کی راہ بھی دکھا چکے ہیں۔ اس کے برعکس شعیب ملک کی ٹورنمنٹ میں کارکردگی مایوس کن رہی ہے جنہوں نے 26.16 رنز کی اوسط سے 157 رنز بنائے۔ کراچی کنگس اگلے مرحلے میں صرف لاہور قلندرز سے اپنے دونوں میچ جیتنے کے باعث کوالیفائی کرپائی۔ ٹیم میں تنازعہ کا آغاز اس وقت ہوا جب روی بوپارا نے  ایک پریس کانفرنس کے دوران کراچی کنگس کی ٹورنمنٹ میں کارکردگی پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کی ٹیم پلے آف مرحلے میں کوالیفائی کرنے کی مستحق نہیں۔

TOPPOPULARRECENT