Wednesday , December 13 2017
Home / کھیل کی خبریں / شعیب ملک کی یادگار ڈبل سنچری ، پاکستان 523/8

شعیب ملک کی یادگار ڈبل سنچری ، پاکستان 523/8

انگلینڈ کیخلاف پہلے ٹسٹ میں مصباح کی ٹیم کا موقف مضبوط ۔ انگلش ٹیم جوابی اننگز میں 56/0

ابوظہبی۔ 14 اکٹوبر ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان نے شعیب ملک کی زبردست ڈبل سنچری اور اسد شفیق کے ساتھ اُن کی ہمالیائی رفاقت کی مدد سے انگلینڈ کے خلاف پہلے ٹسٹ میں آج 523/8 کے بڑے اسکور پر اپنی پہلی اننگز ڈیکلیر کردی ۔ السٹر کک کی انگلش ٹیم نے دن کے بقیہ کھیل میں ممکنہ 21 اوورس میں 56/0 کے ساتھ اچھی شروعات کی ۔ اوپنرس کک 39 اور معین علی 15 پر ناٹ آوٹ ہیں۔ اگرچہ پاکستانی بولنگ کو فوری طورپر کوئی کامیابی نہیں مل سکی لیکن مصباح الحق کی ٹیم نے بہت بڑا اسکور کھڑا رکھا ہے اور انگلینڈ کو فالو آن سے بچنے کیلئے 324 کے ابتدائی ٹارگٹ کا حصول بہت آسان نہیں ہوگا ۔ اس طرح بالخصوص تیسرے دن کا کھیل دونوں ٹیموں کیلئے اہم ہے جو اس ٹسٹ کی قسمت کا تعین کرسکتا ہے ۔ قبل ازیں شعیب نے پانچ سال بعد ٹسٹ کرکٹ میں اپنی واپسی کا جشن دوبالا کرتے ہوئے اپنی کل کی ناٹ آؤٹ اننگز کو یادگار ڈبل سنچری میں تبدیل کیا ۔ انھوں نے مسلسل انہماک اور اعتماد کے ساتھ انگلش بولنگ کا سامنا کرتے ہوئے اپنی اولین ڈبل سنچری مکمل کی اور 245 کے انفرادی اسکور پر آؤٹ ہوئے ۔ انھوں نے شفیق کے ساتھ پانچویں وکٹ کیلئے 248 رنز جوڑے جو پاکستان کے مجموعی اسکور میں بڑا حصہ ہے ۔ اسد نے بھی سنچری بنائی اور 107 پر آؤٹ ہوئے ۔

انگلینڈ کی طرف سے عادل رشید کیلئے ٹسٹ کیرئیر کی شروعات بڑی ناقص ہوئی ، جنھوں نے کوئی وکٹ لئے بغیر 163 رنز دیئے جو ٹسٹ کرکٹ کا دوسرا بدترین ریکارڈ ہے ۔ شیخ زاید اسٹیڈیم میں میچ کے دوسرے دن پاکستان نے 286/4 سے آگے کھیلنا شروع کیا تو شعیب ملک 124 اور اسد شفیق 11 رنز پر کھیل رہے تھے۔دونوں نے ابتداء میں محتاط انداز میں بیٹنگ شروع کرتے ہوئے غیرضروری شاٹس سے گریز کیا لیکن وکٹ پر وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ دونوں کھلاڑیوں کی نظریں جم گئیں۔اس دوران انگلش بولرز دونوں پاکستانی بلے بازوں کے سامنے بالکل بے بس نظر آئے جنہوں نے ذمے دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور کسی بھی انگلش بولر کو خاطر میں نہ لائے۔شعیب اور اسد نے شاندار بلے بازی کرتے ہوئے بالترتیب اپنی ڈبل سنچری اور سنچری مکمل کی۔چائے کے وقفے کے فوراً بعد اسد شفیق ،مارک وڈ کا شکار بنے۔سرفراز احمد کا وکٹ پر قیام بھی محض چند گیندوں تک محدود رہا اور وہ دو رنز بنا کر پویلین لوٹے۔ 521 کے مجموعی اسکور پر شعیب ملک کی 245 رنز کی طویل اننگز بھی اختتام کو پہنچی، انہوں نے اس اننگز کے دوران 24 چوکے اور چار چھکے لگائے۔ 523 کے اسکور پر پاکستان کی آٹھویں وکٹ گری تو کپتان مصباح الحق نے اننگزڈیکلیر کرنے کا اعلان کردیا۔ انگلینڈ کیلئے بین اسٹوکس 4/57 کے ساتھ سب سے کامیاب بولر ثابت ہوئے جبکہ جیمس اینڈرسن کو دو وکٹ ملے ۔ انگلش ٹیم کیلئے مایوسی کی بات یہ رہی کہ اُس کے اسپنرس عادل رشید اور معین علی کارگر ثابت نہ ہوئے اور اہم پیس بولر اسٹورٹ براڈ بھی صرف ایک وکٹ لے پائے ۔

TOPPOPULARRECENT