Monday , April 23 2018
Home / شہر کی خبریں / شفا خانہ چارمینار میں برقی مسدودی ، مریض پریشان حال

شفا خانہ چارمینار میں برقی مسدودی ، مریض پریشان حال

یونانی ڈے تقریب میں جنریٹر کا استعمال ، ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی کی برقی عہدیداروں پر برہمی
حیدرآباد۔12فبروری(سیاست نیوز)سرکاری عہدیداراگر اعلیٰ عہدیداروں کی چاپلوسی میں وقت گذری کریں تو یقینا جس شعبہ یا محکمے سے وابستہ ہیںاس کی ترقی میں نہ صرف رکاوٹ پیدا ہوگی بلکہ اس ادارے سے فائدہ اٹھانے والے غریب لوگوں کو بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا۔ ایسا ہی ایک واقعہ شفاء خانہ چارمینار میں پیش آیا جہاں پر اتوار کی شام کو یونانی ڈے کی تقریب منعقد کی جارہی تھی ۔ اس تقریب میں محکمہ آیوش کے ڈائرکٹر مسٹر راجندر کمار‘ ایڈیشنل ڈائرکٹر میر یوسف علی کے بشمول نظامیہ طبی کالج او رشفاء خانہ چارمینار سے وابستہ تمام ذمہ دار عہدیدار بھی موجود تھے ۔ ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمودعلی نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی ۔ تقریب کے لئے خصوصی جنریٹر طلب کیاگیا تھا جس کی مدد سے تقریب گاہ میںچاروں طرف روشنی تھی مگر افسوس کی بات یہ ہے کہ تقریب گاہ سے منسلک شفاء خانہ چارمینار کی عمارت کے علاوہ نظامیہ طبی کالج اور ہاسٹل تقریبا چار گھنٹوں تک تاریکی میںڈوبا ہوا تھا اسپتال کے اندر معصوم بچوں کو موبائیل فون کی روشنی ادویات فراہم کئے گئے جبکہ دیگر مریض بے چینی کے عالم میں تھے۔ حالانکہ عمارت کے بیرونی حصہ میں تقریب کے دوران کافی شوروغل تھا اور نظامیہ طبی کالج سے وابستہ لوگ ڈائرکٹر اور ایڈیشنل ڈائرکٹر کی تعریفوں کے پل باندھنے میں مصروف تھے حالانکہ محکمہ آیوش کے مذکورہ دونوں ذمہ داران پر یونانی طریقے علاج کو پسماندگی کا شکار بنانے کا الزام ہے ۔ باوجود اس کے اپنے نمبر بڑھانے کے چکر میں نظامیہ طبی کا لج کا تدریسی عملہ او ردیگر عہدیدارن محکمہ آیوش کے ڈائرکٹر کو یونانی طریقے علاج کا مسیحا قراردینے سے بھی گریز نہیںکررہے تھے ۔ کسی کو بھی اس بات کی توفیق نصیب نہیںہوئی کہ اسپتال میں مغرب کے بعد سے برقی بند ہے اور اسپتال میںزیرعلاج مریضوں کو تکالیف کا سامنا ہے ۔ تقریب سے جڑے تمام لوگوں کو فکر تھی تو صرف اس بات کی کہ کس طرح ڈائرکٹر آیوش او رایڈیشنل ڈائرکٹر کی خوشنودی حاصل کریں۔تقریب کے بعد برقی منقطع ہونے کے متعلق محمد محمودعلی کو جانکاری ملی تو انہوں نے محکمہ برقی کے متعلقہ عہدیداروں کو فون کرکے شدید برہمی کا اظہار کیااور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ تین گھنٹوں تک اسپتال کے اندر نائب وزیراعلیٰ کی موجودگی کے باوجود محکمہ برقی کے عہدیداروں کی لاپرواہی کا سلسلہ ایسا ہے تو پرانے شہر کے عام لوگوں کے ساتھ برتائوکس طرح کا ہوگا۔ انہوں نے متعلقہ اے ای اور اے ڈی کو اسپتال میںتقریبا چار گھنٹوں تک برقی منقطع رہنے کی وجوہات پیش کرنے کو کہا اورمستقبل میںاسپتال میںبرقی اگر منقطع ہوتی ہے تو متعلقہ عہدیداروں کے خلاف کاروائی کرنے کا بھی انتباہ دیا۔

TOPPOPULARRECENT