Thursday , December 13 2018

شمار کنندوں کو معلومات فراہم کرنے سے وجے شانتی اور پون کلیان کا انکار

حیدرآباد /19 اگست (سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت نے 19 اگست کو عام تعطیل کا اعلان کرتے ہوئے جامع سروے کرانے کا اعلان کیا اور سارے تلنگانہ میں آج یہ کام جاری رہا۔ اس سلسلے میں عوام کا زبردست ردعمل دیکھا گیا، جب کہ کئی علاقوں میں شمار کنندوں کے نہ پہنچنے پر عوام نے شکایت کی۔ کمشنر گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن نے حیدرآباد میں منعقد ہونے والے اس سروے کی نگرانی کی۔ اسی دوران جب شمار کنندے فلم اسٹار پون کلیان کی قیامگاہ پہنچے تو انھوں نے تفصیلات فراہم کرنے سے انکار کردیا اور اسی طرح سابق ایم پی مسز وجے شانتی نے بھی سروے میں تعاون سے انکار کردیا۔ واضح رہے کہ وجے شانتی ماضی میں ٹی آر ایس کے ٹکٹ پر لوک سبھا کے لئے منتخب ہوچکی ہیں، تاہم گزشتہ عام انتخابات سے قبل ٹی آر ایس سے اختلاف کے بعد انھوں نے پارٹی سے استعفی دے دیا۔ مذکورہ دونوں قائدین نے چیف منسٹر تلنگانہ کے چندر شیکھر راؤ سے نظریاتی اختلاف کے سبب ماضی میں انھیں اپنی تنقیدوں کا نشانہ بھی بنایا تھا۔ اسی دوران شمار کنندوں نے بتایا کہ انھیں پون کلیان اور وجے شانتی سے سروے تفصیلات وصول نہیں ہوئیں، تاہم وہ تفصیلات حاصل کرنے کے لئے دوبارہ ان کی قیامگاہ جائیں گے۔

TOPPOPULARRECENT