Tuesday , November 21 2017
Home / عرب دنیا / شمالی کوریا تحدیدات کے مسئلہ پر امریکہ کا موقف نرم

شمالی کوریا تحدیدات کے مسئلہ پر امریکہ کا موقف نرم

اقوام متحدہ 11 ستمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) امریکہ نے اقوام متحدہ سلامتی کونسل میں شمالی کوریا پر تحدیدات سے متعلق ایک نئی قرار داد پیش کی ہے تاہم اس کے لب و لہجہ اور انداز میں نرمی پیدا کی ہے ۔ امریکہ نے اس قرار داد پر رائے دہی سے 24 گھنٹے سے بھی کم وقت سے پہلے اپنے مطالبات میں بھی نرمی پیدا کی ہے ۔امریکہ چاہتا ہے کہ اس کے موقف میں نرمی سے چین اور روس بھی اس کے ساتھ آجائیں۔ امریکہ نے شمالی کوریا کی جانب سے جاریہ مہینے ایک نیوکلئیر ہتھیار کے تجربہ کے بعد اس پر تحدیدات عائد کرنے بین الاقوامی مہم چلائی تھی اور سخت ترین لب و لہجہ پر مشتمل قرار داد پیش کی تھی ۔ امریکہ نے اپنی اصل قرار داد میں سخت تحدیدات پر زور دیا تھا اور تیل کی درآمدات پر امتناع پر زور دیا تھا ۔ اس نے شمالی کوریائی لیڈر کم جونگ ان کے اثاثہ جات کو منجمد کرنے پر بھی زور دیا تھا ۔ تاہم سفارتکاروں نے کہا کہ اثاثہ جات کو منجمد کرنے کے مسئلہ کو قرار داد کے مسودہ سے حذف کردیا گیا ہے اس کے علاوہ جہاں تک تیل کی فراہمی کا سوال ہے اس پر بھی نرمی پیدا کردی گئی ہے ۔ کہا گیا ہے کہ اچانک ہی تحدیدات کی بجائے مرحلہ وار انداز میں تیل کی سربراہی روکی جانی چاہئے۔ بیرونی ممالک میں کام کرنے والے شمالی کوریائی باشندوں پر تحدیدات کے تعلق سے بھی اس قرار داد میں نرمی اختیار کی گئی ہے ۔ تاہم امریکہ نے تازہ قرار داد میں شمالی کوریا سے کپڑوں کی برآمدات پر امتناع کو برقرار رکھا ہوا ہے ۔

TOPPOPULARRECENT