Saturday , February 24 2018
Home / دنیا / ’’شمالی کوریا دُنیا کو یرغمال نہیں بنا سکتا‘‘:ٹرمپ

’’شمالی کوریا دُنیا کو یرغمال نہیں بنا سکتا‘‘:ٹرمپ

واشنگٹن۔ 16 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) صدر امریکہ ڈونالڈ ٹرمپ نے عہد کیا کہ شمالی کوریا کی ’’کج رو آمریت‘‘ کی پوری دنیا کو اپنے ’’نیوکلیئر بلیک میل‘‘ کا یرغمال بنانے کی اجازت نہیں دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ شمالی کوریا کو نیوکلیئر طاقت سے پاک کرنے کیلئے اعظم ترین دباؤ ڈالیں گے اور اس کے لئے عالمی سطح پر مہم چلائیں گے۔ شمالی کوریا کے سرکاری خبر رساں ادارہ کے سی این اے نے کہا کہ ستمبر میں شمالی کوریا نے ہائیڈروجن بم کا تجربہ کیا ہے جو اس کا سب سے بڑا نیوکلیئر تجربہ تھا۔ اس کے بعد کشیدگی میں ڈرامائی طور پر اضافہ ہوگیا تھا۔ ایشیا کے اپنے اولین دورہ کے بعد جو 14 روزہ تھا، ڈونالڈ ٹرمپ نے ٹی وی پر قوم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شمالی کوریا ان کی ترجیحات میں سرفہرست ہے۔ اپنے دورۂ چین کے موقع پر انہوں نے کہا کہ تھا کہ صدر چین ژی جن پنگ عہد کیا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی شمالی کوریا کے بارے میں قراردادوں پر عمل آوری کی جائے اور چین، شمالی کوریا کی حکومت پر اپنے عظیم معاشی اثرورسوخ کا استعمال کرکے جزیرہ نما نے کوریا کو نیوکلیئر اسلحہ سے پاک بنانے کے مشترکہ مقصد کے حصول میں مدد کرے۔ صدر ژی نے تسلیم کیا تھا کہ شمالی کوریات چین کے لئے سنگین خطرہ ہے۔ ٹرمپ اور کم جونگ اُن نے ایک دوسرے پر شخصی حملوں اور ایک دوسرے کو دھمکیاں دینا جاری رکھا ہے۔ دریں اثناء شمالی کوریا نیوکلیئر ہتھیار نصب میزائل کی تیاری میں مصروف ہے جو امریکہ پہنچ سکے۔ ٹرمپ نے ہر ملک سے اپیل کی کہ شمالی کوریا کیک حکومت کو الگ تھلگ کرنے کیلئے متحد ہوجائیں۔ ان کی اپیل چین اور روس سے بھی تھی۔ شمالی کوریا سے تجارتی اور معاشی تعلقات ترک کردیں جب تک کہ وہ اپنی اشتعال انگیزی بند نہ کرے۔ جنوبی کوریا نے تحدیدات سے ہم آہنگی اور سرکش ممالک پر امریکی تحدیدات میں شمولیت کا فیصلہ کیا ہے جو شمالی کوریا کی مالی امداد یا دیگر قسم کی امداد میں ملوث ہیں۔ امریکہ نے اس فیصلہ کا خیرمقدم کیا ہے۔

TOPPOPULARRECENT