Sunday , May 27 2018
Home / دنیا / شمالی کوریا نیوکلئیر ہتھیار ترک کرے ‘ ہم تیقن دینے تیار ہیں

شمالی کوریا نیوکلئیر ہتھیار ترک کرے ‘ ہم تیقن دینے تیار ہیں

کم جونگ ان کے ساتھ بات چیت مثبت رہی ۔ سکریٹری آف اسٹیٹ مائیک پومپیو کا بیان
واشنگٹن 12 مئی ( سیاست ڈاٹ کام ) امریکہ اور اس کے بین الاقوامی شرکا شمالی کوریا کو کچھ تیقنات دینے تیار ہیں اگر اس کے لیڈر کم جونگ ان جزیرہ نما کوریا کو نیوکلئیر ہتھیاروں سے پاک کرنے تیار ہیں۔ امریکی سکریٹری آف اسٹیٹ مائیک پومپیو نے یہ بات کہی جو کل ہی شمالی کوریا میں کم جونگ ان سے ملاقات کے بعد واپس آئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کی شمالی کوریائی لیڈر کے ساتھ اچھی بات چیت ہوئی ہے ۔ امریکی اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے پوموپیو نے کہا کہ ڈونالڈ ٹرمپ اور وہ اور ساری دنیا نے 12 جون کو سنگا پور ٹرمپ اور کم جونگ ان کے مابین چوٹی کانفرنس کیلئے حالات سازگار بنادئے ہیں۔ کم کی شخصیت سے متعلق سوال کا جواب دیتے ہوئے پومپیو نے کہا کہ میڈیا یہ سوال کرے کہ ان کی بات چیت کیا ہوئی ہے ۔ شخصیت سے متعلق سوال غیر ضروری ہے ۔ ہاں ہماری بات چیت بہت اچھی ہوئی ہے ۔ یہ موثر بات چیت ہوئی ہے اور اس میں پیچیدہ مسائل اور چیلنجس کے علاوہ اہم ترین فیصلوں کے تعلق سے بھی بات چیت ہوئی ۔ انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ اگر شمالی کوریائی لیڈر جزیرہ نما کوریا کو نیوکلئیر ہتھیاروں سے مکمل پاک کرنے کیلئے تیار ہیں تو امریکہ اور اس کے حلیف ممالک بھی اسے تیقن دینے تیار ہیں۔ فی الحال وہ اس سے زیادہ کچھ نہیں کہہ سکتے ۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ چاہتا ہے کہ اس بات کو یقینی بنائے کہ اس کی کوششیں نتیجہ خیز ہوںاور شمالی کوریا دنیا کیلئے کوئی خطرہ نہ رہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس بیان سے ان کا مطلب کیا ہے وہ بہت واضح ہے ۔ یہ ایسی سرگرمی ہوگی جس کے تعلق سے ہم نہیں چاہیں گے کہ وہیں ختم ہو جہاں پہلے ختم ہوئی تھی ۔ ہم کوشش کر رہے ہیں کہ دنیا کیلئے اس مسئلہ کو حل کرلیا جائے ۔ اس لئے یہ مقصد حاصل کرنے کیلئے ضروری ہے کہ ایک جامع اور بہتر پروگرام بنایا جائے اس میں دنیا بھر میں ہمارے رفقا کو بھی ساتھ شامل کیا جائے اور ایسا کرتے ہوئے ہی ہم بہتر نتائج حاصل کرنے میں کامیاب ہوسکتے ہیں۔ پومپیو نے کہا کہ شمالی کوریائی حکام کے ساتھ ان کی اچھی بات چیت ہوئی ہے اور انہوں نے امریکہ کا پیام پہونچنے کی بہترین کوشش کی ہے ۔

TOPPOPULARRECENT