Thursday , November 23 2017
Home / Top Stories / شمالی کوریا نے بیالسٹک میزائل کے دو تجربات کئے

شمالی کوریا نے بیالسٹک میزائل کے دو تجربات کئے

سیئول ۔ 22 جون (سیاست ڈاٹ کام) جنوبی کوریا کے مطابق شمالی کوریا نے اقوام متحدہ کی پابندیوں کے خلاف ورزی کرتے ہوئے درمیانے فاصلے تک مار کرنے والے دو بیلسٹک میزائلوں کے تجربے کیے ہیں۔جنوبی کوریا کے فوجی حکام کا کہنا ہے کہ دونوں طاقتور موسودان میزائل تھے تاہم ان میں سے ایک کا تجربہ ناکام ہو گیا جبکہ دوسرا 400 کلومیٹر کا فاصلہ طے کرنے کے بعد سمندر میں گر گیا۔جنوبی کوریا کے مطابق وہ امریکہ کے ساتھ مل کر دوسرے میزائل تجربے کا تفصیلی تجزیہ کر رہے ہیں۔خیال رہے کہ شمالی کوریا کے نیوکلیئر پروگرام کی وجہ سے اقوام متحدہ نے اس پر کسی قسم کے بیالسٹک میزائل کے تجربے پر پابندی عائد کر رکھی ہے۔شمالی کوریا نے گذشتہ دو ماہ کے دوران اس سے پہلے چار میزائل تجربات کیے تھے اور اطلاعات کے مطابق یہ تمام ناکام رہے۔جاپان کے وزیراعظم شنزو آبے نے کہا ہے کہ بیالسٹک میزائل تجربات کی تصدیق ہوئی ہے اور انھیں واضح طور پر برداشت نہیں کیا جائے گا۔شمالی کوریا کے ہمسایہ ممالک نے گذشتہ دنوں ہی میزائل تجربات کی تیاریوں کی نشاندہی کرتے ہوئے اس کے بارے میں خبردار کیا تھا۔جاپان نے کہا تھا کہ اگر میزائل اس کی فضائی حدود میں داخل ہوئے تو انھیں مار گرایا جائے گا۔موسودان میزائل کے بارے میں خیال کیا جاتا ہے کہ یہ تین ہزار کلومیٹر تک ہدف کو نشانہ بنا سکتا ہے اور اس رینج میں جنوبی کوریا کے علاوہ جاپان بھی آتا ہے۔

شمالی کوریا کی میزائل ٹسٹنگ کی اوباما نے مذمت کی
واشنگٹن۔ 22 جون (سیاست ڈاٹ کام) امریکہ نے شمالی کوریا کے ذریعہ دو بالسٹک میزائل کی لانچنگ کی مذمت کرتے ہوئے اس اقدام کو خطرناک اور اشتعال انگیز قرار دیا۔ اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ ترجمان جان کربی نے اخباری نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ہم شمالی کوریا کے ذریعہ حالیہ بالسٹک میزائل ٹسٹنگ اور قبل ازیں کئے گئے میزائل ٹسٹوں کی مذمت کرتے ہیں جو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد کے مغائر ہے جہاں شمالی کوریا نے یہ وعدہ کیا تھا کہ وہ بالسٹک میزائل ٹسٹ نہیں کرے گا اور اس قرارداد کی روشنی میں بالسٹک ٹیکنالوجی کو بروئے کار لاتے ہوئے نیوکلیئر ٹسٹنگ پر امتناع عائد کیا تھا۔

سیئول میں این ایس جی کا آج اہم ترین اجلاس
سیؤل۔22 جون (سیاست ڈاٹ کام) نیوکلئیر سپلائرز گروپ میں شمولیت سے متعلق پاکستان اور ہندوستان کی درخواستوں پر کل فیصلہ ہوگا جب کہ ہندوستانی معتمد خارجہ رکن ممالک کی حمایت حاصل کرنے کے لئے سیؤل روانہ ہوگئے۔ جنوبی کوریا کے دارالحکومت سیؤل میں نیوکلیر سپلائرز گروپ کے 48 ممالک کا اجلاس پیر کے روز سے جاری ہے جب کہ کل ہونے والے اہم اجلاس میں پاکستان اور بھارت کی گروپ میں شمولیت سے متعلق درخواستوں پر غور ہوگا۔ این ایس جی گروپ کے اہم ترین ملک چین نے نکتہ اٹھایا ہے کہ قوانین کے مطابق جوہری عدم پھیلاؤ کے معاہدے (این پی ٹی) پر دستخط نہ کرنے والے ممالک کو گروپ میں شامل نہیں کیا جاسکتا اس لئے اگر ہندوستان کو گروپ میں شامل کرنے کے لئے نرمی دی گئی تو پاکستان بھی اس کا مضبوط امیدوار ہے جب کہ ترکی، جنوبی آفریقہ ، آئرلینڈ اور نیوزی لینڈ بھی ہندوستان کی شمولیت کے مخالف ہیں۔

TOPPOPULARRECENT