Friday , December 15 2017
Home / Top Stories / شمالی کوریا کو تباہ اور ایران معاہدہ منسوخ کرنے امریکہ کا انتباہ

شمالی کوریا کو تباہ اور ایران معاہدہ منسوخ کرنے امریکہ کا انتباہ

دہشت گردوں کو محفوظ پناہ گاہوں کو بے نقاب کرنے کا اعلان ، جنرل اسمبلی سے ٹرمپ کا خطاب
اقوام متحدہ۔ 19 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) صدر امریکہ ڈونالڈ ٹرمپ نے آج شمالی کوریا کو ’’مکمل طور پر تباہ کرنے‘‘ کا انتباہ دیا، اگر کم جون اُن اپنا اشتعال انگیز رویہ برقرار رکھیں۔ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے پہلی بار خطاب کرتے ہوئے ڈونالڈ ٹرمپ نے کہا کہ کرۂ ارض پر کسی بھی قوم کو مجرموں کی حکمرانی برداشت کرنے سے دلچسپی نہیں ہے اور نہ وہ کسی کے ہاتھ میں نیوکلیئر ہتھیار اور میزائلس دیکھنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے چین اور روس سے اظہار تشکر کیا کہ سلامتی کونسل میں شمالی کوریا پر تحدیدات عائد کرنے کی ان دونوں ممالک نے تائید کی ہے۔ انہوں نے ایران کو دھمکی دی کہ ایسا معلوم ہوتا ہے کہ ایران نیوکلیئر معاہدہ جس پر اس نے 6 عالمی طاقتوں کے ساتھ 2015ء میں دستخط کئے تھے ، درپردہ نیوکلیئر ہتھیار حاصل کرنے کیلئے استعمال کررہا ہے۔ انہوں نے دھمکی دی کہ اگر ایسا ہوا تو وہ ایران سے پہلے یہ معاہدہ چاک کردیں گے۔ انہوں نے جنرل اسمبلی کے اجلاس سے اپنی اولین تقریر میں پاکستان کا نام لئے بغیر درپردہ اس کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ جو ممالک دہشت گردی کا مقابلہ کرنے کے بجائے اسلامی دہشت گردوں کو محفوظ پناہ گاہیں فراہم کرتے ہیں ، اور انہیں بنیاد پرستی کی تحریک دیتے ہیں ، ان کے خلاف پوری دنیا متحدہ کارروائی کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس مجرمانہ نظریہ کی کوئی بھی تائید نہیں کرسکتا۔ انہوں نے اپنی تقریر میں قومی پالیسی کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ان کے لئے امریکی مفادات ہمیشہ اولین ترجیح بنے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کثیر جہتی اتحادوں کے ساتھ خودمختار مملکتیں ہی دہشت گردی کا موثر مقابلہ کرسکتی ہیں۔ ان کی حکومت کا اولین فرض عوام کی خدمت ہے اور ان کی ضروریات کی تکمیل اور تحفظ کو یقینی بنایا جائے گا۔ ان کے حقوق محفوظ رکھے جائیں گے اور اقدار کا دفاع کیا جائے گا۔

TOPPOPULARRECENT