Friday , December 15 2017
Home / دنیا / شمالی کوریا کے خلاف امریکہ کا اعلان جنگ

شمالی کوریا کے خلاف امریکہ کا اعلان جنگ

ہم جوابی اقدام اور امریکی طیاروں کو مارگرانے کا حق رکھتے ہیں : وزیرخارجہ
نیویارک ۔ 25 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) شمالی کوریا کے وزیرخارجہ ری یونگ ہو نے آج امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ پر ان کے ملک کے خلاف اعلان جنگ کا الزام عائد کیا اور کہاکہ شمالی کوریا بھی اپنی فضائی حدود اور اس کے باہر امریکی بمبار طیاروں کو مارگرانے کا حق رکھتا ہے۔ ری یونگ ہو نے جو اقوام متحدہ جنرل اسمبلی سیشن میں شرکت کیلئے آئے ہوئے ہیں، ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کو بتایا کہ ساری دنیا کو یہ حقیقت جان لینی چاہئے کہ امریکہ نے سب سے پہلے ہمارے ملک کے خلاف جنگ کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کیونکہ امریکہ نے یہ پہل کی اس لئے ہم بھی جوابی اقدام کا حق رکھتے ہیں۔ اگر امریکی طیارے ہمارے ملک کے حدود میں یہاں تک کہ اس کے باہر بھی پرواز کریں تو ہم انہیں مار گرانے کا حق رکھتے ہیں۔ واضح رہیکہ شمالی کوریا کے امریکہ کے ساتھ سفارتی روابط نہیں ہیں۔ دونوں ممالک کے مابین کشیدگی اس وقت کافی بڑھ گئی جب شمالی کوریا نے جاریہ ماہ نیوکلیئر تجربہ کیا تھا۔ سرکاری خبر رساں ایجنسی کے سی این اے نے اسے ہائیڈروجن بم قرار دیا تھا۔ صدر امریکہ ڈونالڈ ٹرمپ اور شمالی کوریا کے لیڈر کم جونگ ان نے ایک دوسرے کو دھمکیاں دینا شروع کردیں اور یہاں تک کہ انہوں نے شخصی حملے بھی کئے۔ ٹرمپ نے شمالی کوریا کو خبردار کیا تھا کہ اس کا وجود زیادہ دن برقرار نہیں رہے گا۔ ٹرمپ نے آج بھی ٹوئیٹ کیا کہ شمالی کوریا کے وزیرخارجہ کا بیان انہوں نے ابھی ابھی سنا۔ اگر وہ چھوٹے راکٹ میان (کم جونگ ان) کے خیالات کی عکاسی کررہے ہیں تو پھر وہ زیادہ دن نہیں رہیں گے۔ ٹرمپ کے ٹوئیٹ پر جواب دیتے ہوئے شمالی کوریا کے سفارتکار نے کہا کہ کون باقی رہے گا اور نہیں اس کا جواب وقت پر ہی دیا جائے گا۔

TOPPOPULARRECENT