Wednesday , April 25 2018
Home / دنیا / شمالی کوریا کے معاملے پر پنٹاگون اور وائٹ ہاؤس میں اختلافات

شمالی کوریا کے معاملے پر پنٹاگون اور وائٹ ہاؤس میں اختلافات

نیویارک۔ 3 فروری (سیاست ڈاٹ کام) امریکی اخبار ’’نیویارک ٹائمز‘‘ نے اپنی ایک رپورٹ میں دعویٰ کیا ہے کہ شمالی کوریا کے معاملے پر امریکی محکمہ دفاع اور ٹرمپ انتظامیہ کے درمیان اختلافات پائے جاتے ہیں۔وائٹ ہاؤز اس بات پر نالاں نظر آتا ہے کہ شمالی کوریا پر حملے کیلئے پینٹاگون صدر ٹرمپ کو کسی قسم کا کوئی اختیار یا انتخاب نہیں دے رہا۔صدر ٹرمپ کے مشیر سلامتی لیفٹیننٹ جنرل ریمنڈ مک ماسٹر کا کہنا ہے کہ صدر ٹرمپ کی جانب سے شمالی کوریا کو دی جانے والی دھمکیوں کے قابل اعتماد ہونے کے لیے ضروری ہے کہ امریکہ کے پاس حملے سے متعلق ایک عمدہ اور طے شدہ منصوبہ ہو۔جنرل مک ماسٹر کا کہنا ہے کہ وہ مذاکرات کے حق میں ہیں تاہم ماضی میں مذاکرات کی صورت میں شمالی کوریا کو بہت سے زیادہ رعایت دینا پڑی تھی۔دوسری جانب امریکی محکمہ دفاع پینٹاگون کا کہنا ہے کہ اسے پریشانی یہ ہے کہ وائٹ ہاؤز کوریائی خطے میں فوجی کارروائی کے حوالے سے جلدبازی سے کام لے رہا ہے جس کے نتائج تباہ کن ہوسکتے ہیں۔وزیر دفاع جیمز میٹس اور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف جنرل جوزف ڈنفورڈ کا موقف ہے کہ مسئلے کے حل کیلئے سفارت کاری سے کام لیا جائے۔

TOPPOPULARRECENT