Thursday , April 26 2018
Home / دنیا / شمالی کوریا کے کم جونگ ان چین کے دورہ پر ؟

شمالی کوریا کے کم جونگ ان چین کے دورہ پر ؟

بیجنگ ۔ 27 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) شمالی کوریا کے قائد کم جونگ ان کی چین آمد پر سیکوریٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں جبکہ چین اور شمالی کوریا کی سرحد پر زائد سیکوریٹی فورسیس تعینات ہے۔ البتہ کم جونگ کے دورہ چین کی سرکاری طور پر توثیق نہیں کی گئی ہے اور اگر توثیق ہوگئی تو اپنے والد کے 2011ء میں انتقال کے بعد برسراقتدار آنے والے کم جونگ کا یہ پہلا بیرونی دورہ ہوگا۔ دریں اثناء چین کی وزارت خارجہ نے کم جونگ کے دورہ سے لاعلمی کا اظہار کیا ہے جبکہ جاپان کی کیوڈو خبر رساں ایجنسی نے غیر مسلمہ ذرائع کے حوالے سے کہا ہیکہ شمالی کوریا کا ایک اعلیٰ سطحی عہدیدار پیر کے روز چین پہنچا ہے۔ جاپانی براڈ کاسٹر نپن ٹی وی نے ایک ٹرین کا فوٹیج بھی دکھایا ہے جو بالکل اس ٹرین سے مماثلت رکھتی ہے جو کم جونگ کے آنجہانی والد کم جونگ II اپنے بیرونی دوروں کیلئے استعمال کرتے تھے۔ اسی نوعیت کی ٹرین بیجنگ اسٹیشن پر دیکھی گئی۔ چین اور شمالی کوریا کی سرحد پر سیکوریٹی کے سخت انتظامات اور ایک ایسے گیسٹ ہاؤس پر بھی سخت سیکوریٹی جہاں قبل ازیں شمالی کوریائی قائدین قیام کرچکے ہیں، کی وجہ سے ان شبہات کو تقویت مل رہی ہے کہ کم جونگ کی چین آمد ہوئی ہے۔ تاریخ گواہ ہے کہ شمالی کوریا کے قائدین کے دورہ چین کو ہمیشہ خفیہ رکھا گیا ہے۔ کم کے آنجہانی والد بھی چین کا انتہائی رازدارانہ طور پر دورہ کیا کرتے تھے۔ چین اور شمالی کوریا نہ صرف پڑوسی ہیں بلکہ ایک دوسرے کے حلیف بھی ہیں۔

TOPPOPULARRECENT